نریندر مودی کے دورہ سعودی عرب کا مقصد پاکستان کے قریبی اتحادیوں سے تعلقات قائم کرکے دباوٴ بڑھانا ہے ‘بھارتی حکمران جماعت

سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات میں دراڑ آچکی ہے ‘بھارتی وزیر کے دورے کا وقت بالکل درست ہے ‘بھارتی وزارت خارجہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں دراڑیں ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی ‘ پاکستانی حکام

ہفتہ 2 اپریل 2016 14:10

نئی دہلی/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اپریل۔2016ء) بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کا سعودی عرب کا دورہ ایک وسیع تر سفارتی حکمت عملی کا حصہ ہے ‘ جس کا مقصد اسلام آباد کے قریب ترین اتحادیوں میں سے کچھ کیساتھ تعلقات قائم کرکے پاکستان پر دباوٴ بڑھانا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکریٹری رام مادھیو نے کہاکہ یہ بہت آسان ہے ‘ہمیں پاکستان کو ڈیل کرنے کیلئے سب کچھ کرنا پڑے گا اور اسلام آباد کے دوستوں کے دل جیتنے کیلئے معاشی، حکمت عملی اور جذباتی تعلقات کا سہارا لینا پڑیگاپاکستان کے اتحادی جیسے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ مضبوط تعلقات کی بناء پر بھارت کو عالمی اور علاقائی فورمز پر مزید ہمدردیاں حاصل ہوں گی، جس کی وجہ سے پاکستان پر دباوٴ بڑھے گا۔

(جاری ہے)

بھارتی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سعودی عرب نے بھارت کے ساتھ بات چیت کے دوران پاکستان کو اوپر لانے کی کوشش کی۔بھارتی حکام نے دعویٰ کیاکہ مودی کے دورے کا وقت بالکل درست ہے کیونکہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات میں دراڑ آچکی ہے دوسری جانب پاکستانی حکام نے ایک بار پھر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں ’دراڑ“آنے کی باتوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کر نے والے عناصر کبھی کامیاب نہیں ہونگے ‘ سعودی عرب پاکستان دوست اسلامی ملک ہیں اور دو طرفہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید آگے بڑھیں گے ۔

سفارتی ذرائع نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اخوت اور محبت کا رشتہ ہے اور دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات مذہبی بندھن سے جڑے ہوئے ہیں پاکستانی حکومت اور عوام کے دل میں سعودی عرب اور سعودی قیادت کیلئے احترام اور محبت کے جذبات پائے جائینگے جبکہ سعودی عرب بھی پاکستان کے لئے انتہائی محبت کے جذبات رکھتا ہے اور کوئی چیز دو طرفہ تعلقات کی راہ میں حائل نہیں ہوسکتی۔