ایران سے تجارت پاکستان کے لئے سود مند ثابت ہو گی، دباؤ قبول نہ کیا جائے ‘ پیاف

ایران سے تیل اور چاول کی ٹریڈ پراربوں روپے کا فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے ‘چیئرمین عرفان اقبال شیخ

جمعہ 1 اپریل 2016 22:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم اپریل۔2016ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) کے چیئرمین عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تجارتی معاہدے پاکستان کے معاشی نظام کے لئے انتہائی مثبت ثابت ہوں گے، مشترکہ سرمایہ کاری سے تجارتی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ان خیالات کا اظہار عرفان اقبال شیخ نے سینئر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی کے ہمراہ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کیا ۔

عرفان شیخ نے کہا کہ ایران سے دوسرے عرب ممالک کی نسبت سستا تیل حاصل کیا جا سکتا ہے اور اس کے علاوہ ایران سے چاول کی ٹریڈ پر ایک ارب ڈالر سے زائد کی تجارت کی جا سکتی ہے انھوں نے کہا کہ بہتر پلاننگ سے ایرانی مارکیٹ کو واپس لیا جا سکتا ہے، ایران کے ساتھ5 ارب ڈالر کی بجائے7 ارب ڈالر کی تجارت ہو سکتی ہے، انھوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ٹریڈ کے حوالے سے کسی بھی ملک کا دباؤ قبول نہ کیا جائے بلکہ پاکستان کا مفاد عزیز رکھا جائے۔

(جاری ہے)

وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی نے پاکستان اور ایران کے درمیان بینکنگ سسٹم کی بحالی کو بھی ٹریڈ کے لئے اہم پیشرفت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بینکنگ سسٹم شروع ہونے سے ایکسپورٹ کا عمل فوری شروع ہو جائے گا جو ملکی برآمدات میں اضافے کا باعث بنے گا اور حکومت کی جانب سے نئی تجارتی پالیسی میں مقرر کیا گیا برآمدات کا ہدف بھی پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :