’’را‘‘ کے حاضر سروس آفیسر کی گرفتاری سے بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دُنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے،قدوس بزنجو

جمعہ 1 اپریل 2016 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء) مسلم لیگ (ق) کے رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی ,,را،، کے حاضر سروس آفیسر کی گرفتاری سے بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دُنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔ حکومت اس معاملے کو اب موثر انداز میں عالمی سطح پر اُٹھائے۔ یہ بات اُنہوں نے کوئٹہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ عرصہ دراز سے یہ بات کرتے چلے آرہے تھے کہ بلوچستان میں بدامنی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے لیکن ہمیں ثبوت نہیں مل رہا تھا ہماری خوش قسمتی ہے کہ بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی,,را،، کا حاضر سروس ایجنٹ کل بھوشن یادیو پکڑا گیا اور ایک ایسا ثبوت بھارتی مداخلت کا ہمارے ہاتھ لگا جس سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا اب بھارت اس پر پردہ ڈالنے کیلئے نئی نئی کہانیاں گھڑ رہا ہے جس میں کوئی صداقت نہیں بھارتی ایجنٹ کے انکشافات بھارت کے منہ پر طمانچہ ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ یہ ثبوت عالمی سطح پر لے کر جائے تاکہ پوری دُنیا پر بھارت کے منہ میں رام رام اور بغل میں چھری کا ذکر آشکار ہو۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے لیکن ہماری پاک افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس کی اس مذموم سازش کو نہ صرف بے نقاب کیا بلکہ ناکام بنادیا ہے جس کیلئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں ہمیں اپنی افواج اور اداروں پر فخر ہے جلد ہی کل بھوشن یادیو کے دیگر ساتھی بھی پکڑے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :