پٹھان کوٹ ائیر بیس حملے کی تحقیقات کیلئے بھارت جانیوالی پانچ رکنی جے آئی ٹی وطن واپس پہنچ گئی

دورے کے دورا ن اکٹھے کئے گئے شواہد کو رپورٹ کی شکل دے کر وزارت داخلہ کو پیش کی جائے گی

جمعہ 1 اپریل 2016 21:36

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء) پٹھان کوٹ ائیر بیس حملے کی تحقیقات کیلئے بھارت جانیوالی پانچ رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم وطن واپس پہنچ گئی ، جے آئی ٹی اپنے دورے کے دورا ن اکٹھے کئے جانے والے شواہد کو رپورٹ کی شکل دے کر وزارت داخلہ کو پیش کرے گی ۔ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ رائے طاہر کی قیادت میں پانچ رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم 27مارچ کو خصوصی طیارے کے ذریعے بھارت روانہ ہوئی تھی ۔

(جاری ہے)

جے آئی ٹی نے بھارت میں ائیر بیس حملے کے عینی شاہدین کے بیان قلمبند کرنے کے علاوہ بھارت کی نیشنل انوسٹی گیشن ٹیم کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ۔ پاکستانی ٹیم کو خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پٹھان کوٹ ائیر بیس لیجایا گیا تھاجہاں اسے ائیر بیس کے معمول کے دنوں میں استعمال ہونے والے دروازے کی بجائے نیا دروازہ بنا کر وہاں سے داخل کر کے جائے وقوعہ کی جگہ تک محدود رسائی دی گئی تھی ۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستانی ٹیم دورہ میں حاصل ہونے والے شواہد بارے اپنی رپورٹ مرتب کر کے وزارت داخلہ کو پیش کرے گی ۔