پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں سپیشل بچوں کیلئے داخلوں کا 1فیصد کوٹہ مختص کر دیا گیا

جمعہ 1 اپریل 2016 20:54

لاہور۔یکم اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء )پنجاب پرائیویٹ سکولز ایجوکیشن کمیشن ایکٹ میں تبدیلی کر کے پرائیویٹ سکولوں میں غریب اور مستحق بچوں کیلئے مختص داخلوں کے 10فیصد کوٹے میں 1فیصد کوٹہ سپیشل بچوں کیلئے مخصوص کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، یہاں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان کی زیر صدارت پرائیویٹ سکولز ایجوکیشن کمیشن کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ،کمیٹی کے ارکان نے ایکٹ میں موجود پرائیویٹ سکولوں میں نادار اور غریب بچوں کے داخلے کے 10فیصد کوٹے میں سے 1فیصد ایسے بچوں کیلئے مختص کرنے پر غور کیا جو کسی جسمانی محرومی کی وجہ سے سپیشل کیٹیگری میں شمار ہوتے ہیں-اجلاس کو بتایا گیا کہ سکولوں کی کیٹیگرائزیشن کے مطابق ترمیم شدہ ایکٹ کو نافذ کیا جائے گا- سٹیئرنگ کمیٹی اس امر کی منظوری کے بارے میں اعلی حکام کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرے گی-اجلاس میں چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین، سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر شعیب انور اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے شرکت کی-