اولیاء کرام نے ہمیشہ معاشرے میں محبت اور رواداری کا درس دیا، وزیر زکواة و عشر ملک ندیم کامران

جمعہ 1 اپریل 2016 20:54

لاہور۔یکم اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم اپریل۔2016ء )صوبائی وزیر زکوٰة و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ اولیاء کرام نے ہمیشہ معاشرے میں محبت اور رواداری کا درس دیا اور ان کے اسی رویے کی وجہ سے بر صغیر کے لاکھوں غیر مسلم دائرہ اسلام میں داخل ہوئے۔ہمیں چاہیے کہ ہم ان کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں تا کہ آپس میں رواداری کو فروغ ملے اور معاشرے سے متشددانہ رویے کا خاتمہ ہو۔

انہوں نے یہ بات نواحی قصبہ کمیر میں حضرت محمد پناہ کے 202 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جس میں انہوں نے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر سید حسنات الامین ،ممبران اسمبلی چوہدری محمد اشرف اور محمد ارشد ملک،مشیر وزیر اعلیٰ خواجہ نور محمد سہو اوردیوان احمد مسعود چشتی کے علاوہ سینکڑوں زائرین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پر امن ملک بنانے کیلئے تمام مکاتب فکر پر لازم ہے کہ وہ عوام کو اسلام کا صحیح تشخص سمجھائیں تا کہ وہ فرقہ وارانہ گمراہیوں سے نکل کر صحیح مسلمان بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اولیائے کرام کی تعلیمات کو عام کیا جائے اور ان کے دیے ہوئے درس کو ملک کے کونے کونے تک پھیلایا جائے اسی میں ہماری نجات مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو بنیادی شہری سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تا کہ ان کے مسائل حل ہوں اور ملک حقیقی معنوں میں ایک فلاحی مملکت بن سکے۔