صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے پنجاب بھرکے تمام پبلک اور تعلیمی اداروں کی لائبریریوں کا ڈیٹا طلب کر لیا

جمعہ 1 اپریل 2016 20:52

لاہور۔یکم اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم اپریل۔2016ء ) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے پنجاب بھرکے تمام پبلک اور تعلیمی اداروں کی لائبریریوں کا ڈیٹا طلب کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل لائبریریوں کے قیام کے لئے کمپیوٹر لیبز کے حامل اداروں کا تعین کرنا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے محکمہ سکولز ایجوکیشن ،ہائر ایجوکیشن ،لوکل گورنمنٹ ،پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈاور محکمہ آرکائیوزاینڈ لائبریریز کو اس بارے میں مفصل رپورٹ جمع کرانے کے لئے دس روز کی مہلت دی ہے - ڈیجیٹل لائبریری کے قیام کے لئے کینٹینٹ کمیٹی اورامپلی منٹیشن کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے - اس امر کا اظہار انہوں نے یہاں ڈیجیٹل لائبریری کے قیام کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا - اجلاس میں چیئر مین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین ،ڈاکٹر محمد رمضان ، ڈی جی سپورٹس اور محکمہ تعلیم کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افسران کے علاوہ برٹش کونسل کے نمائندے محمد علی بھی موجود تھے- صوبائی وزیر تعلیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف محکمے اپنی رپورٹس میں لائبریریوں سے استفادہ کرنے والے لوگوں کی تعداد کا بھی ذکر کریں - انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف لندن سے معاہدے کی روشنی میں برٹش کونسل پنجاب میں ڈیجیٹل لائبریری کے قیام کے حوالے سے ہماری معاونت کر رہی ہے - انہوں نے کہا کہ منتخب لائبریریوں کو کلاس کنٹنگ کے ذریعے برطانیہ اور دیگر ملکوں کے تعلیمی اداروں سے ملایا جائے گا اور اس عمل میں برٹش کونسل ہماری مدد کرے گی -انہوں نے کہا کہ پنجاب میں موبائل لائبریریز کے قیام اور تعلیمی اداروں میں پہلے سے موجود لائبریریوں میں ہاٹ سپاٹس کے ذریعے کمپیوٹر پر دستیاب کتب کے مطالعے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے- یہ ہاٹ سپاٹس بالخصوص ان شہروں میں جہاں پی ایچ اے کے زیر انتظام پارکس موجود ہیں میں فراہم کئے جائیں گے - صوبائی وزیرتعلیم نے بتایا کہ پنجاب بھر میں مختلف شہروں میں موجود سپورٹس کمپلیکسز میں آنے والے کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو مطالعے کی سہولت فراہم کرنے کے لئے ہر سپورٹس کمپلیکس میں ایک جدید طرز کی لائبریری قائم کی جا رہی ہے -انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ایسی 13 لائبریریاں اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں -اس منصوبے پر 36 کروڑ 39 لاکھ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں -اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے زیر انتظام صوبے میں 50 پبلک لائبریریاں قائم ہیں - ان لائبریریوں کو ڈیجیٹل لائبریریوں میں بدلنے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔