ایم ڈبلیو ایم کے تحت تقریب میں سندھ حکومت کی جانب سے 85اہل تشیع خانوادہ شہداء میں 17ملین روپے تقسیم

جمعہ 1 اپریل 2016 20:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء) سندھ حکومت کی جانب سے 85 اہل تشیع خانوادہ شہداء ملت جعفریہ میں 17ملین روپے کے چیکس تقسیم کیے گئے۔ مرکز سادات امروہہ فیڈرل بی ایریا کراچی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کراچی کے خانوادہ شہداء میں امدادی رقوم تقسیم کی گئیں۔ تقریب کا انعقاد مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے کیا گیا تھا۔

تقریب میں صوبائی وزیرخوراک سید ناصر حسین شاہ مہمان خصوصی تھے، جبکہ دیگرمہمانان گرامی میں مشیر وزیراعلیٰ سندھ وقار مہدی و راشد ربانی، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ سید باقر عباس زیدی، علامہ سیداحمد اقبال رضوی شامل تھے۔ خانوادہ شہداء کی امدادی رقوم کی بحالی میں ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے رہنماسید رضا نقوی، علی حسین نقوی اورمیثم عابدی نے شب وروز کوششیں انجام دیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یہ چیکس اْن شہداء کے خانوادگان کے درمیان تقسیم کیئے گئے ہیں جو کراچی میں دہشت گردوں کے ہاتھوں ٹارگٹ کلنگ کے نتیجہ میں شہید ہوئے۔ اس موقع پر خانوادہ شہداء سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر شاہ، علی حسین نقوی، وقار مہدی، رضا نقوی، میثم عابدی، راشد ربانی کا کہنا تھا کہ شہداء نے پاکستان میں امن کے قیام کیلئے اپنی قربانی پیش کی، ان کی اس لازوال خدمت کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، جو قومیں اپنے شہیدوں کی یاد کو زندہ رکھتی ہیں وہ کبھی ناکام نہیں ہوتیں،کالعدم جماعتوں کے دہشت گردوں کے خلاف صوبہ بھر میں آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے، ملک دشمن عناصر کی بیخ کنی کیلئے آپریشن ضرب عضب کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جائے ۔

ایم ڈبلیوا یم کے ترجمان علی احمر نے بتایا کہ 85 شہدائے ملت جعفریہ کے خانوادوں میں 17ملین روپے کے امدادی چیکس صوبائی حکومت کی جانب سے تقسیم کئے گئے ہیں جس کا وعدہ انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کی قیادت کی جانب سے ڈیڑھ برس قبل سی ایم ہاؤس کے باہر خانوادہ شہداء کے احتجاجی دھرنے کے اختتام پر کیا تھا۔ شہداء کہ خانوادوں میں کئی سال سے معطل شدہ امدای رقوم کی تقسیم مجلس وحدت کراچی کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے اس سے ان شہداء کے خانوادوں کا مکمل قرض تو نہیں ادا ہوسکے گا تاہم وارثان شہداء کے دکھوں کاکچھ مداواممکن ہو سکے گا،تو ہمیں خوشی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :