کراچی ،اے سی ایل سی کی کارروائی ،بین الصوبائی گروہ کے 2ملزمان گرفتار، 20سے زائد موٹرسائیکلیں برآمد

جمعہ 1 اپریل 2016 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء) اینٹی کارلفٹنگ سیل کراچی نے شہر میں موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی روک تھام کے لیے خفیہ اطلاع پر مائی کلاچی روڈ پر اسنیپ چیکنگ کے دوران بین الصوبائی گروہ کارلفٹر گروہ کے 2ملزمان محمد ابراہیم ولد محمد علی اور ظفر اقبال ولد عبدالغنی کو گرفتار کرلیا ہے ۔

یہ بات ایس ایس پی اے سی ایل سی عرفان بہادر نے جمعہ کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملزمان کی نشاندہی پر 20سے زائد موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئی ہیں جبکہ ملزمان کے گروہ میں محمد رفیق ولد محمد رمضان ،محمد عاصم ولد رزاق اور محمد حفیظ بھی شامل ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ملزمان کراچی میں موٹرسائیکلیں چوری کرکے بلوچستان میں فروخت کردیا کرتے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ اے سی ایل سی نے گزشتہ ماہ مارچ 2016میں 113ملزمان کو گرفتار کیا ہے ۔جبکہ 7گینگوں کا بھی خاتمہ کیا گیا ہے ۔ملزمان کے قبضے سے 88گاڑیاں اور 636موٹرسائیکلیں برآمد کی گئی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :