پیپلزپارٹی نے پی سی بی کی موجودہ صورتحال سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیا

جمعہ 1 اپریل 2016 20:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے پاکستان کی کرکٹ(پی سی بی ) کی موجودہ صورتحال سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیا‘ پاکستان پیپلزپارٹی کے ایم این ایز شازیہ مری‘ میر اعجاز حسین جاکھرانی‘ سید غلام مصطفیٰ شاہ ‘ میر صابر علی بجرانی اور عمران ذوالفقار نے نوٹس جمع کراتے ہوئے کہا ہے کہ ہم وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیراعظم جو کہ پاکستان کرکٹ بورد کے پیٹرن انچیف ہیں ،کی توجہ پاکستان کی کرکٹ کی طرف دلانا چاہتے ہیں کہ ایشیاء کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم مسلسل ناکام ہوئی ہے۔

بجائے اس کے کہ اس کو بہتر کرنے کے پاکستان کرکٹ ٹیم اور انتظامیہ ایک دوسرے پر الزام تراشی کررہے ۔

(جاری ہے)

ان ناکامیوں کے پاکستان کرکٹ ٹیم اور انتظامیہ دونوں ذمہ دار ہیں کیونکہ اس سے پاکستان کا وقار عالمی سطح پر کم ہوا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورد نے پاکستان میں انٹرنیسنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کوئی مناسب اقدام نہیں کئے گئے اور اس حوالے سے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جن کی وجہ سے مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اس سے ملک اور کرکٹ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو کرکٹ کی موجودہ صورتحال پر فوری ایکشن لینا چاہیے تاکہ پاکستان کرکٹ کو بچایا جاسکے اس اہم عوامی مسئلے جس سے عوام کو صدمہ پہنچا ہے اس پر قومی اسمبلی میں بحث ہونی چاہیے۔