نوازشریف نے آم جبکہ مودی نے ایجنٹ بھجوائے ‘بھوشن یادیو کی گرفتاری پرنوازشریف کی خاموشی میں کئی رازپنہاں ہیں

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی کا بیان

جمعہ 1 اپریل 2016 19:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف نے اپنے بھارتی ہم منصب کو آم جبکہ نر یندرمودی نے پاکستان کی بربادی کیلئے ''را''کے ایجنٹ بھجوائے۔ بھارت پاکستان توڑنے کے درپے ہے جبکہ حکمران دشمن ملک کے حکمرانوں سے نجی دوستی اوروہاں نجی تجارت کیلئے مرے جارہے ہیں۔

نوازشریف آج بھی دوست دشمن کی شناخت نہیں کرسکتے کیونکہ ان کے خاندان نے قیام پاکستان اوراستحکام پاکستان کیلئے قربانیاں نہیں دیں۔بلوچستان سے ''را''کے آفیسر کی گرفتاری کے باوجود اسلام آبادمیں بھارت نوازحکومت کے کانوں پرجوں تک نہیں رینگی ۔ پیپلزپارٹی نے ریاست کی مضبوطی کیلئے ''را''کا پاکستان آنے کیلئے ہرچورراستہ بند کردیا تھا ۔

(جاری ہے)

وہ فردوس پارک ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔

محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی ''را''کے اہم ا ٓفیسر بھوشن یادیوکی گرفتاری پر میاں نوازشریف کی مجرمانہ خاموشی میں کئی رازپنہاں ہیں۔بھارت فطری دشمن کی حیثیت سے پاکستان میں دہشت گردی کوسپانسرڈکرتا ہے جبکہ میاں نوازشریف کی طرف سے اپنے بھارتی ہم منصب نریندرمودی کو ساڑھیاں بجھوائی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ''را''کی مذموم سرگرمیوں کے ناقابل تردید شواہد عالمی ضمیر کوجھنجوڑنے کیلئے کافی ہیں۔

''را''کی پاکستان میں پرتشدد سرگرمیوں کے حوالے سے بھارت کی مذمت کافی نہیں ،وہ مزاحمت کی زبان سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اختیارات کی عدم منتقلی جمہوریت کے منافی ہے۔عدالت عظمیٰ کااظہار برہمی درست ہے،حکومت بلدیاتی اداروں کوفعال اوراختیارات نمائندوں کے سپرد کرے ۔انہوں نے کہا کہ اگرحکمرانوں کے بس میں ہوتا توان کے دورمیں بلدیاتی الیکشن ہرگز نہ ہوتے۔ پیپلزپارٹی کے عوامی دورحکومت میں منتخب نمائندوں کوبھرپوراختیارات اورترقیاتی فنڈز ملے اور جمہوری نظام نے عوام کوڈیلیور کیا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اقتدارمیں آکر بلدیاتی اداروں کی مزید مضبوطی اوربلدیاتی نمائندوں کو مزید اختیارات کی فراہمی یقینی بنائے گی ۔