ملک بھر میں مصیبت زدگان کے کام آنا ہمارا دینی و اخلاقی فریضہ ہے‘ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن ملک بھر میں فلاحی سرگرمیاں سرانجام دے رہی ہے‘ دکھی انسانیت کی خدمت سے معاشرتی ناہمواری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے

فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف کا نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 1 اپریل 2016 19:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم اپریل۔2016ء)فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف نے کہا کہ ملک بھر میں مصیبت زدگان کے کام آنا ہمارا دینی و اخلاقی فریضہ ہے۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن ملک بھر میں فلاحی سرگرمیاں سرانجام دے رہی ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت سے معاشرتی ناہمواری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق معاشرے کی تشکیل کے لیے ہر شخص اپنے پڑوس کی خبر گیری کرے۔

مصیبت اور آزمائش کے لمحات میں متاثرین کو فراموش نہ کیا جائے۔ریلیف کے کاموں کی وجہ سے بلوچستان کے گھر گھر پر پاکستان کا پرچم لہرا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد القادسیہ القادسیہ چوبرجی میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ہزاروں مردو خواتین نے انکی اقتداء میں نماز جمعہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

حافظ عبدالرؤف نے کہا کہ غیر ملکی این جی اوز خدمات کی آڑ میں اسلام وپاکستان مخالف ایجنڈے پر کام کررہی ہیں۔

این جی اوز کی آڑ میں دشمن ممالک کے ایجنٹس پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔بم دھماکے ،خودکش حملے اور انسانیت کا قتل کرنااسلامی تعلیمات کے قطعاََمنافی ہے۔کمزوروں،مریضوں اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنا سنت نبوی ﷺ ہے۔ آج بھی دنیا میں ایسے افراد اور ادارے موجود ہیں جو انسانیت کی خدمت پریقین رکھتے ہیں۔تھر میں بچے بھوک سے ،پیاس سے اور غربت سے مررہے ہیں۔

تھرپارکر میں انسان اور جانور ایک ہی جگہ سے پانی پیتے تھے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نے وہاں کنویں بنوائے اور صاف پانی فراہم کیا۔وہاں مسجدیں،سکول بن رہے ہیں۔تعلیم و صحت کے پروجیکٹس پر کام جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جماعۃ الدعوۃ نے ریلیف کا کام کیا ،پاک فوج کے جوانوں نے بھی کام کیا جس کے بعد اب فلاحی کاموں کی وجہ سے ہر گھر پر پاکستان کا پرچم لہرا رہاہے اور وہ پاکستان کے پرچم کو اسلام کا پرچم سمجھتے ہیں۔

ہم پچھلے پندرہ سالوں سے کہہ رہے تھے کہ بلوچستان میں دہشت گردی و تخریب کاری کون کروا رہا ہے۔اب ثبوت مل گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور گلشن پارک میں دھماکہ ہوا تو فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رضاکار وہاں پہنچے ،میتوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا ،ساری رات جاگ کر کام کیا۔جہاں بھی کوئی ایمرجنسی کا واقعہ ہوتا ہے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن سب سے پہلے پہنچتی ہے۔

۔خدمت خلق فلاح انسانیت کا شیوہ ہے ۔ہم اسکو مشن بنا کر اپنے رب کو راضی کررہے ہیں۔حافظ عبدالرؤف نے کہا کہ اﷲ نے دین اسلام کو انسانوں کے لئے مکمل ضابطہ حیات بنا دیاہے۔دنیا میں کامیابی کا واحد راستہ اسلام ہے۔اسلام کے علاوہ تمام نظریات باطل ہیں۔اسلام ہمیں سیاست،معیشت،تجارت سکھاتا ہے اور صلہ رحمی ،انسانی حقوق کے اداکرنے کا بھی درس دیتا ہے۔خدمت خلق کا حکم بھی دین اسلام میں ہے۔انسانیت کی فلاح کے لئے کام کرنے والے ہمیشہ کامیاب ہوتے ہیں۔