’’را‘‘ایجنٹ کی گرفتاری سیکورٹی اداروں کی تاریخی کامیابی ہے، اشرف نوناری

جمعہ 1 اپریل 2016 19:41

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم اپریل۔2016ء) سندھ نیشنل تحریک کے چیئر مین اشرف نوناری نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹ کل بھوشن یادیو کی بلوچستان سے گرفتاری ملکی سیکیورٹی اداروں کی تاریخی وشاندار کامیابی ہے ،بھارت کسی بھی طرح پاکستان کے وجود کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں اور بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کی ہیں ، ان خیالات کا اظہار سندھ نیشنل تحریک کے چیئر مین اشرف نوناری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا ،انہوں نے کہا کہ ہماری فوج اور سیکیورٹی اداروں نے ہمیشہ ملکی دفاع اور سلامتی کو یقینی بنایا ہے ،ہمارے سیکیورٹی اداروں نے اپنی اہلیت اور اپنی لازوال قربانیوں سے بھارت سمیت تمام ملک دشمن قوتوں کو شکست دی ہے جس کوکسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جاسکتا پاکستانی قوم کو اپنی فوج وسیکیورٹی اداروں پر ناز ہے ،انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی ہے جو عمل عالمی قوانین اور پاکستان کی خودمختیاری کی ان حرافی ہے ،انہوں نے کہا کہ ’’را‘‘ و دیگر عالمی ایجنسیوں نے بلوچستان و سندھ میں نام نہادعلحیدگی پسند قوم پرستوں، کراچی کی لسانی جماعت اور فرقہ وارانہ مذہبی گروپوں کی نہ صرف سرپرستی کی ہے بلکہ ان گروپس کو فنڈنگ بھی کی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کے حالات ہمیشہ خراب ہوتے رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور سیکیورٹی فورسز کے سربراہاں کی کاوشوں سے ملک دشمنوں کے تمام مذموم مقاصد ناکام ہوئے ہیں ،آپریشن ضرب عضب ،کراچی اور بلوچستان آپریشن ہمارے جوانوں کی قربانیوں کی وجہ سے کامیابی کی طرف گامزن ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ موجودہ فوجی قیادت نے سنجیدہ کوششیں کی ہیں جبکہ ہماری سیاسی حکومتیں اپنی سیاسی مصلحتوں ، نااہلی ، کرپشن اور اقربا پروری کی وجہ سے ملک میں ترقی ،خوشحالی اور استحکام لانے میں ناکام ہوئی ہیں ،انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے پکڑے گئے بھارتی ایجنٹ کل بھوشن یادیوکا معاملہ اقوام متحدہ، یورپی یونین ،مسلم ممالک اور سفارتی سطح پر اٹھایا جائے اور تمام عالمی برادری کو بھارت کی طرف سے پاکستان کی خود مختیاری میں کی جانے والی مداخلت اور دہشتگرد کاروائیوں سے آگاہ کیا جائے ، اشرف نوناری نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کی جائے تاکہ ان کی نگرانی میں جاری آپریشنز کو مکمل کر کے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بھارتی ایجنٹ کل بھوش یادیوکی جانب سے کئے گئے اعتراف کے بعد بلوچستان اور کراچی میں موجود بھارتی ایجنسیوں اور ملک دشمن غداروں کے خلاف بے رحمانہ آپریشن کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :