دہشتگردوں اور انتہاپسندوں کے سامنے پاکستانی قوم نہیں جھکے گی،راء کے نیٹ ورک کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات پر حکومت کو مصلحت سے بالاتر ہوکر ایران اور ہندوستان سے بات کر ے ،سانحہ گلشن اقبال پارک قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتا

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر اشرفی اور دیگر رہنماؤں کایو م مذمت پر اجتماعات سے خطاب

جمعہ 1 اپریل 2016 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم اپریل۔2016ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور دیگر رہنماؤں و علماء نے کہاہے کہ دہشتگردوں اور انتہاپسندوں کے سامنے پاکستانی قوم نہیں جھکے گی،راء کے نیٹ ورک کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات پر حکومت کو مصلحت سے بالاتر ہوکر ایران اور ہندوستان سے بات کرنی چاہئے،سانحہ گلشن اقبال پارک پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتا۔

وہ پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں دہشتگردی ،انتہاپسندی کیخلاف منائے جانے والے یوم مذمت کے موقع پر مختلف شہروں میں جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے ۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے (لاہور)،مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی(فیصل آباد)،مولانا ایوب صفدر(گوجرانوالہ)،مولانا عبد الحمید وٹو(قلعہ دیدار سنگھ)،مفتی وحید احمد سواتی (کوئٹہ)،مفتی حبیب الرحمن (کراچی)،پروفیسر نجم الدین (ڈیرہ اسماعیل خان )،مولانا محمد امجد(فیصل آباد)،مولانا عبد الحمید صابری(اسلام آباد)،مولانا نعمان حاشر(راولپنڈی)مولانا شفیع قاسمی(ساہیوال)،مولانا عمر عثمانی(گجرات)، مولانا انوار الحق مجاہد (ملتان)،مولانا رسال الدین آزاد (قصور )،مفتی عمر فاروق (خانیوال)،سید عبد الغفار شاہ حجازی (لودھراں)،مولانا سعد اﷲ لدھیانوی (ٹوبہ ٹیک سنگھ)،مولانا سمیع اﷲ ربانی (لیہ)،مولانا طارق ندیم (پاکپتن)،مولانا شکیل الرحمن (اوکاڑ)،مولانا فہیم الحسن فاروقی(شیخوپورہ)مولانا ابوبکر حمزہ(چکوال)،مولانا محمد اصغر کھوسہ(ڈیرہ غازیخان)،مولانا مبشر حضور (بہاولپور)،مولانا عثمان طارق (جھنگ)،مولانا سعد اﷲ شفیق نے رحیم یارخان میں جمعہ کے اجتماع میں متفقہ قرار کے ذریعے کہا گیا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام سب سے زیادہ عزیز ہے۔

(جاری ہے)

ہندوستان اور ایران ہمارے پڑوسی ممالک ہیں لیکن اگر ہندوستانی خفیہ خفیہ اداروں نے پاکستان میں قتل و قتال کیلئے ایرانی سرزمین استعمال کی ہے تو اس پر ایران کی حکومت سے واضح بات کرنے کی ضرورت ہے۔ایران کی حکومت پر لازم ہے کہ وہ حکومت پاکستان اور پاکستان کے سلامتی کے ادارون سے تعاون کرے اور راء کے نیٹ ورک کے ذمہ داروں کو پاکستان کے ھوالے کرے۔

مقررین نے کہا کہ ایران پاکستان کا پڑوسی اور برادر ملک ہے اگر ہندوستانی خفیہ ایجنسی نے ایران کی لاعلمی میں اس کی سرزمین کو پاکستان کیخلاف استعمال کیا ہے تو ایران کی حکومت کو اس پر ہندوستان سے احتجاج کرنا چاہئے۔مقررین نے جنرل راحیل شریف اور ملک کی سلامتی کے اداروں کو راء کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے اور واضح مؤقف اختیار کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ۔