علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کی اہم سماعت (کل)ہوگی

وفاقی سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس اسلام آباد پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کے متعلق رپورٹ پیش کرینگے

جمعہ 1 اپریل 2016 19:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء)سابق صدرجنرل(ر)پرویزمشرف کے خلاف علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کی اہم سماعت کل(ہفتے کو)ہوگی۔وفاقی سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس اسلام آباد عدالتی حکم پرسابق صدر پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کریں گے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق لال مسجد کے نائب خطیب علامہ عبدسالرشید غازی اور ان کی والدہ صاحب خاتون شہید کے مقدمہ قتل کی سماعت (کل)ہفتے کوہوگی۔

ایڈیشنل اینڈ سیشن جج پرویزالقادر میمن پرویزمشرف کے خلاف مقدمہ قتل کی اہم سماعت کریں گے۔عدالت نے بیس فروری 2016کو پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے جس پر وفاقی پولیس نے گزشتہ سماعت پر عملدرآمد نہیں کیا،بعدازاں عدالت نے سولہ مارچ کو دوبارہ پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی تھی کہ انہیں گرفتار کرکے دو اپریل کو عدالت میں پیش کیا جائے۔