ڈرائیورز کی پیشہ وارانہ تربیت بے روزگار نوجوانوں کیلئے ترقی کی نئی راہ متعین کرے گی ،ڈی آئی جی مرزا فاران بیگ

جمعہ 1 اپریل 2016 18:49

لاہور۔یکم اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم اپریل۔2016ء ) ڈی آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سنٹرل زون مرزا فاران بیگ نے کہا کہ ڈرائیورز کی پیشہ وارانہ تربیت بے روزگار نوجوانوں کے لیے ترقی کی نئی راہ متعین کرے گی جس سے نہ صرف پاکستان کی ساکھ بہتر ہو گی بلکہ ملک میں مثبت تبدیلی بھی آئے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈرائیورز ٹریننگ انسٹیٹیوٹ لاہور میں 110 ڈرائیورز کی ڈرائیونگ ٹر یننگ پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس ٹر یننگ کو موٹروے پولیس نے ٹیوٹا کے اشتراک سے پنجاب کے لا ہور اور قصور اضلاع میں اپنے روڈ سیفٹی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں کروایا،اس ٹریننگ کا مقصد بے روزگار نوجوانوں کو ڈرائیونگ کی پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ نہ صرف ملک میں بلکہ بین الاقوامی سطح پربھی باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی مسرور عالم کلاچی اور ریجنل مینجر ٹیو ٹا خرم شفیق بھی اس مو قع پر مو جود تھے۔

ڈی آئی جی مرزا فاران بیگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج موٹروے پولیس کی تاریخ کا بہت اہم دن ہے جس میں نوجوانوں کوپنجاب کے مختلف اضلاع میں پیشہ وارانہ مہارت پر مشتمل ٹریننگ دی۔ تربیت کے مختلف مر حلوں کے دوران رویوں پر قابو رکھنا ، عربی و انگلش کی بنیا دی مہارت ، کمپیوٹر کی بنیادی ٹریننگ، صفائی و ستھرائی، ڈرل اور ڈسپلن کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان ڈرائیورز نے موٹروے پولیس کا ڈرائیونگ لائسنس بھی انتہائی مشکل ٹیسٹ کو پاس کرنے کے بعد حاصل کر لیا ہے۔ڈی آئی جی مرزا فاران بیگ نے اس موقع پر کہا کہ موٹروے پولیس روڈ سیفٹی کے حوالے سے پہلی سے بارہویں جماعت تک کے لیے روڈ سیفٹی سلیبس تیار کر کے وفاقی تعلیمی اتھارٹیز کو بھیجا گیا ہے اس کے سلیبس میں شامل ہونے سے پاکستانی بچوں کی چھوٹی عمر سے ہی روڈ سیفٹی میں تربیت ہو سکے گی۔اس سے پہلے ڈی آئی جی موٹروے پولیس مرزا فاران بیگ نے بہترین کار کر دگی کا مظاہرہ کر نے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :