زرعی یونیورسٹی فیصل آبادنے کاشتکاروں کو کھادوں کی صحیح اور متناسب مقدار سے

متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے ماڈلز تیار کر لئے ہیں، ڈاکٹر محمد افضل ڈین

جمعہ 1 اپریل 2016 18:47

لاہور۔یکم اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم اپریل۔2016ء ) زرعی یونیورسٹی فیصل آبادنے محکمہ زراعت توسیع وتحقیق کے ساتھ مل کرکاشتکاروں کو کھادوں کی صحیح اور متناسب مقدار سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی غرض سے ماڈلز تیار کر لئے جن کی مدد سے پنجاب کے کاشتکار اپنی زمین کی ذرخیزی کے مطابق اپنے گھر میں بیٹھے کمپیوٹر یا موبائل فون پر ویب سائٹ کھول کر اپنی مرضی کی پیداوار حاصل کرنے کے لیے نائٹروجن اور فاسفورس کی صحیح اور متناسب مقدار جان سکتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد افضل ڈین ایگریکلچر یونیورسٹی آف سرگودھا نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ زرعی یونیورسٹی نے جدید علوم کسانوں تک پہنچانے کیلئے آئی سی ٹی کو استعمال میں لا کر ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے، کھادوں کے ماڈلز کی انفرادیت یہ ہے کہ یہ کاشتکاروں کی خواہش کے مطابق معلومات فراہم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کاشتکارگندم ، کپاس ، کماد ، چاول اور مکئی کی فی ایکڑ پیداوار اپنی مرضی کے مطابق حاصل کرنے کے لیے کتنی مقدار میں نائٹروجن اور فاسفورس درکارہو گی یہ جاننے کے لیے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی ویب سائٹ www.fertilizeruaf.pkسے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایاکہ کاشتکاروں کے رقبے اور اُن کے مالی وسائل کے مطابق فصلوں کی آمدن بڑھانے کے منصوبے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی ویب سائٹ www.kissandost.pkپر موجود ہیں۔اس ویب سائٹ پر ایسے منصوبے بھی موجود ہیں جن پر عمل کر کے کاشتکار 1 لاکھ روپے فی ایکڑ تک نفع حاصل کر سکتے ہیں لیکن اگر کوئی کاشتکار زیادہ سرمایہ کاری کرنا چاہے تو ایسے منصوبے بھی موجود ہیں جن میں نفع 3سے 4لاکھ روپے فی ایکڑ حاصل کرنا ممکن ہے۔اس ویب سائٹ پر کاشتکاروں کی سہولت کے لیے آئندہ 5دن تک کی موسمی پیشین گوئی بھی موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :