پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات کیلئے بھارت کی تحقیقاتی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی،بھارتی میڈیا

این آئی اے نے اپنے افسران کی ٹیم تحقیقات کیلئے پاکستان بھیجنے کی تجویز پیش کی تھی جس کا پاکستانی ٹیم نے خیرمقدم کیا،پاکستانی ٹیم نے تحقیقات میں مکمل تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،این آئی اے چیف شرد کمار کی پریس کانفرنس پاک بھارت تحقیقاتی ٹیموں کی ملاقات مثبت رہی ،پاکستانی ٹیم نے بھارت کے نتائج کی مخالف نہیں کی ، کرن رججو

جمعہ 1 اپریل 2016 18:31

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم اپریل۔2016ء ) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات کیلئے بھارت کی تحقیقاتی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی ،پاکستانی مشترکہ تفتیشی ٹیم نے بھارتی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ۔جمعہ بھارتی میڈیاکے مطابق پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات کیلئے بھارت کی تحقیقاتی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی ۔

قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) کے سربراہ شرد کمار کا کہنا ہے کہ پاکستانی مشترکہ تفتیشی ٹیم نے بھارت کی طرف سے پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات کیلئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کی درخواست کا خیرمقدم کیا ہے ۔شردکمار نے پاکستانی تفتیشی ٹیم کو حملے کے بارے میں دی گئی اطلاعات کے بارے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ این آئی اے نے اپنے افسران کی ایک ٹیم تحقیقات کے لیے پاکستان بھیجنے کی تجویز پیش کی تھی جس کا پاکستانی ٹیم نے خیرمقدم کیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم نے تحقیقات میں مکمل تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔اس سے قبل بھارتی وزیر مملکت برائے خارجہ امور کرن رججو کاکہنا تھا کہ پاکستانی اور بھارتی تحقیقاتی ٹیموں کی ملاقات مثبت رہی ہے اور پٹھانکوٹ ائیربیس حملے کی تحقیقات میں بھارت کے نتائج کی پاکستانی ٹیم کی جانب سے مخالف نہیں کی گئی ۔انکا کہناتھاکہ بھارتی تحقیقاتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے ۔

سب کچھ بہتر اور تسلی بخش طریقے سے ہوا ہے جو ضروری تھا ہماری ایجنسیوں نے کیا ہے ۔گزشتہ روز پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات کرنے والے پانچ رکنی پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے حملے کے حوالے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے تھے ۔پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو حملہ آوروں کی ڈی این اے رپورٹس سمیت دیگر دستاویزات بھی دی گئی تھیں این آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے 16گواہوں سے پوچھ گچھ کی جس میں ایس پی پولیس پنجاب سلوندرسنگھ ،ان کے دوست راجیش ورما اور کک مدن گوپال بھی شامل ہیں ۔

ان تینوں افراد کو پٹھانکوٹ ایئر بیس پر حملے سے قبل ڈرامائی انداز میں دہشت گردوں کی جانب سے اغواکئے جانے کے بعد چھوڑ دیا گیا تھا ۔پاکستانی جے آئی ٹی نے این آئی اے سے 4دہشتگردوں ناصر حسین، ابوبکر ،عمر فاروق اور عبدالقیوم کاشناختی موادہمارے حوالے کرے۔