پیمراکونسل آف کمپلینٹس کی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب 2کیبل آپریٹرز پر جرمانے ، 5کے لائسنس منسوخ کرنے کی سفارش

جمعہ 1 اپریل 2016 18:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم اپریل۔2016ء)پیمرا کونسل آف کمپلینٹس ملتان نے جسٹس فرخ محمود کی زیرِ صدارت اپنے چھٹے اجلاس میں ملتان ریجن کے کیبل آپریٹرز کیخلاف قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دو کیبل آپریٹرز پر جرمانے جبکہ پانچ کے لائسنس منسوخی کی سفارش کردی۔اجلاس میں مختلف نوعیت کی 24شکایات کی سماعت کے بعد تحریری فیصلہ بھی سنا دیا گیا "اے آر وائی زندگی" ٹی وی چینل پر غیر اخلاقی پروگرام دکھانے پر کونسل نے نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی۔

کونسل نے پیمرا قوانین کے برخلاف مینجمنٹ میں بلا اجازت ردوبدل پردو کیبل آپریٹرزپر پندرہ ہزار روپے فی کس جرمانہ عائد کرنے اور پیمراقوانین اور لائسنس شرائط کے منافی پانچ کیبل نیٹ ورکس کو بغیر کسی اطلاع یا وجوہ اپنے نیٹ ورکس کو پیمرا سے بلا اجازت بند رکھنے پر منسوخی لائسنس کی سزا کی سفارش بھی کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے اختتام پر چیئرپرسن کونسل آف کمپلینٹس، جسٹس فرخ محمودنے تمام نیٹ ورکس کو ڈیجیٹل کرنے کی کوشش پر پیمرا کے اقدامات کو سراہا اور تمام کیبل آپریٹرز کو مقررہ وقت پر اپنے سسٹم کو ڈیجیٹل کرنے کی سخت ہدایت کی اورخلاف ورزی کی صورت میں پیمرا قوانین کے مطابق سخت کاروائی کی سفارش بھی کی۔

ریجنل کونسل آف کمپلینٹس جنوبی پنجاب تین ڈویژن بہاولپور، ڈیرہ غازیخان اور ملتان پر مشتمل ہے اور پرائیویٹ الیکٹرانک چینلز، ایف ایم ریڈیوز اور کیبل آپریٹرز کیخلاف عوامی شکایات کی سماعت اور ازالہ کرتی ہے اور اُن کا فیصلہ سناتی ہے۔ کونسل آف کمپلینٹس آزاد اور کود مختار فورم ہوتا ہے اور اس کے ممبران کسی صورت پیمرا کے ملازمین نہیں ہوتے۔ اجلاس میں اراکین کونسل آف کمپلینٹس ، ریٹائرڈڈی جی پی آر عطا محمد خان بلوچ ، پرفیسر ڈاکٹر مجاہد علی، پروفیسر ریٹائرڈفرخندہ ممتاز، زہرہ سجاد زیدی اور سیکریٹری کونسل آف کمپلینٹس و ریجنل جنرل منیجر سہیل آصف علی خان نے شرکت کی۔