حکمران قوم سے سچ بولیں ،را ایجنٹ کی گرفتاری نے بہت سے حقائق کو طشت ازبام کر دیا ہے، سب پاکستان دشمنوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی کی جائے ،دہشت گردی کی آڑ میں دینی مدارس کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ بند کیا جائے ،قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے ملک دشمنوں کی پناہ گاہوں کو بچانا اور مدارس کے خلاف بلاوجہ کریک ڈاؤن افسوسنا ک ہو گا

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین کا اجتماعات سے خطاب

جمعہ 1 اپریل 2016 18:18

اسلام آباد/لاہور /کراچی /ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم اپریل۔2016ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے کہاہے کہ حکمران قوم سے سچ بولیں اورسچ کا سامنا کریں ،را ایجنٹ کی گرفتاری نے بہت سے حقائق کو طشت ازبام کر دیا ہے، اس لیے اب بلاتفریق سب پاکستان دشمنوں کے خلاف کاروائی کی جائے ،دہشت گردی کی آڑ میں دینی مدارس کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ بند کیا جائے ،قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے ملک دشمنوں کی پناہ گاہوں کو بچانا اور مدارس کے خلاف بلاوجہ کریک ڈاؤن افسوسنا ک ہو گا ۔

وہ جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے ۔وفاق المدارس نے سانحہ لاہور کے بعد اپنی تاریخ ساز استحکام مدارس واستحکا م پاکستان کانفرنس کے التوا ء کااعلان کرتے ہوئے جمعہ کو یوم دعا کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا ۔

(جاری ہے)

وفاق المدارس کی اپیل پر آج ملک بھر کی مساجد میں سانحہ لاہور کے شہداء کے درجات کی بلندی ،زخمیوں کی جلد صحت یابی اور وطن عزیز میں امن وامان کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور نوافل ادا کیے گئے ۔

اس موقع پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنماؤں مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، مولانا امداداﷲ اور مولانا مفتی نعیم نے کراچی ،مولانا محمد حنیف جالندھری نے ملتان ،مولانا انوار الحق نے اکوڑہ خٹک ،مولانا فضل الرحیم نے لاہور ،مولانا قاضی عبدالرشید نے راولپنڈی ،مولانا زبیر احمد صدیقی نے شجاع آباد،مولانا حسین احمد نے پشاور،مولانا سعید یوسف نے پلندری آزاد کشمیر،مولانا ظہور احمد علوی اور مولانا عبدالقدوس محمدی نے اسلام آباد اور دیگر علماء کرام نے ملک کے مختلف شہروں میں جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران وطن عزیز کو بحرانوں اور دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کے لیے قوم سے سچ بولیں ،سچ کا سامنا کریں اور سچ کی بنیاد پر مسائل کی تشخیص اور تدارک کا اہتمام کریں ۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے کہا اس وقت ملک میں امن وامان کے قیام کے لیے بلاتفریق تمام پاکستان دشمنوں کے خلاف کاروائی کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے دہشت گردی کی آڑ میں دینی مدارس کے خلاف پروپیگنڈہ کو ملک کے حقیقی دشمنوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ را ایجنٹ کی گرفتار ی سے بہت سے حقائق منظر عام پر آگئے ہیں اور اب حقائق سے نظریں چرانے سے کام نہیں بنے گا بلکہ ملک کے حقیقی دشمنوں کی پناہ گاہوں پر ہاتھ ڈالناہوگا ۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے کہا کہ اگر پہلے کی طرح ملک دشمنوں کو بچانے اور قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے مدارس دینیہ کے خلاف کسی قسم کا کریک ڈاؤن کیا گیا تو اس کے افسوسناک نتائج سامنے آئیں گے ۔

متعلقہ عنوان :