ڈی پی اوکی تھانہ بھلوال سٹی میں کھلی کچہری، سائلین کے مسائل سن کر احکامات جاری کئے

جمعہ 1 اپریل 2016 17:45

سرگودھا۔یکم اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم اپریل۔2016ء ) ڈی پی او سرگودھا کیپٹن(ر) سہیل چوہدری نے تھانہ بھلوال سٹی میں کھلی کچہری کے دوران کہا کہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنا میری اولین ترجیح ہے جس کسی کو بھی پولیس کے متعلق کوئی شکایت ہو تو وہ براہ راست مجھے بتا سکتا ہے اور اس کے مسئلہ کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔

کھلی کچہری میں متعدد سائلین نے درخواستیں پیش کیں جن پر فوری طور پر ان کے مسائل حل کرنے کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے گئے اور ان کو ہدایت ہوئی کہ ان کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا ئے۔ڈی پی او سرگودھا نے سرکل بھلوال کے قتل کے مقدمات کے مدعی بالخصوص جن میں ملزمان اشتہاری ہو چکے ہیں کو بھی کھلی کچہری میں خاص طور پر بلوایا اور ان مجرمان اشتہاریوں کی گرفتار ی کیلئے تفتیشی افسران ، ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی او کو خصوصی ٹارگٹ دیتے ہوئے کہا کہ وہ پندرہ دن کے اندر اندر ان مجرمان اشتہاریوں کو گرفتار کرکے مجھے رپورٹ دیں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ڈی پی او سرگودھا نے سال2015اور سال2016کے سرکل بھلوال کے زیر تفتیش ، نامکمل چالان، عدم پتہ سنگین جرائم کے مقدمات کے مدعیوں کے روبروان مقدمات کا جائزہ لے کر متعلقہ تفتیشی افسران ، ایس ایچ او ز اور ایس ڈی پی اوکو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ان مقدمات کو یکسو کرکے مدعیوں کی دادرسی کریں۔کھلی کچہری کے بعد سرکل بھلوال کے تفتیشی افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :