سانحہ گلشن پارک ، جاں بحق افراد کے ایصال ثواب اور بلندیٔ درجات کے لیے محفل قرآن خوانی کا انعقاد

جمعہ 1 اپریل 2016 17:30

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور کے احاطے میں واقع زمان مسجد میں سانحہ گلشن اقبال پارک میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے ایصال ثواب اور بلندیٔ درجات کے لیے محفل قرآن خوانی کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پرنظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد ، سیکرٹری شاہد رشیداور ٹرسٹ کے کارکنان و عہدیداران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلشن اقبال پارک میں ہونیوالے دھماکہ میں قیمتی جانوں کا ضیاع بہت افسوسناک واقعہ ہے۔ اسلام امن و آشتی کا درس دیتا ہے اور کوئی مسلمان بے گناہ لوگوں کی جان لینے والی ایسی قبیح حرکت کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا ۔

(جاری ہے)

اس واقعہ سے ہمیں اپنے دشمن کا بھی واضح پتہ چلتا ہے ۔پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کارروائیوں میں ’’را‘‘ کا ہاتھ ہے اور اب یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔

ہمیں بھارت کے ساتھ تعلقات میں انتہائی محتاط رویہ اختیار کرنا چاہئے ۔ ہمارا نظریہ ہی ہماری اصل طاقت ہے ۔پاکستان تا قیامت قائم و دائم رہے گا اور اس کو نقصان پہنچانے والے اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوں گے۔محفل کے آخر میں شہید ہونیوالے افراد کے ایصال ثواب اور بلندیٔ درجات کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ محفل قرآن خوانی کا اہتمام تحریک پاکستان ورکرزٹرسٹ کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ اتوار 26مارچ کو گلشن اقبال پارک،لاہور میں ہونیوالے ایک خود کش حملے میں76افراد جاں بحق جبکہ 300سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :