زرعی یونیورسٹی زراعت کے متعلق جدید علوم زمیندار کی دہلیز تک پہنچائے گی، ڈاکٹر محمد افضل

جمعہ 1 اپریل 2016 17:14

سرگودھا۔یکم اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم اپریل۔2016ء )زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے جدید علوم کسانوں کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے آئی سی ٹی کو استعمال میں لا کر ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے،کھادوں کے ماڈلز کاشتکاروں کی ضروریات کے مطابق معلومات فراہم کرتے ہیں، ان ماڈلز کی بدولت ماہرین اور کاشتکار میں دو طرفہ رابطہ ممکن ہوا ہے اور یہ قدم یقیناً کسانوں کیلئے فصلوں کی پیداوار بڑھانے اور کھادوں پر خرچہ کم کرنے کیلئے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

یہ بات ڈین ڈاکٹر محمد افضل نے زرعی کالج سرگودہا میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ماہرین زراعت اور پروفیسرز بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آبادتمام ذرائع بروئے کار لا کر زراعت کے متعلق جدید علوم زمیندار کی دہلیز تک پہنچائے گی۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی زمیندار بھائیوں کی ہر ممکن مدد کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد رشید پرنسپل انویسٹی گیٹر نے کھادوں کی مقدار معلوم کرنے کیلئے زرعی یونیورسٹی، فیصل آباد کے تیار کردہ فرٹیلائزر ماڈلز اور آمدن بڑھانے کے منصوبوں کے متعلق میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کاشتکار کوگندم ، کپاس ، کماد ، چاول اور مکئی کی فی ایکڑ پیداوار اپنی مرضی کے مطابق حاصل کرنے کے لیے کتنی مقدار میں نائٹروجن اور فاسفورس درکارہو گی یہ جاننے کے لیے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی ویب سائٹ www.fertilizeruaf.pkسے استفادہ حاصل کیا جاسکتاہے ۔