پنجاب اسمبلی کے پری بجٹ سیشن میں اراکین کی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا ،رانا بابر حسین

جمعہ 1 اپریل 2016 16:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم اپریل۔2016ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا پری بجٹ سیشن کامیابی سے جاری ہے ،اراکین اسمبلی کی بجٹ تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا ،بجٹ کے حوالے سے اراکین اسمبلی کی دلچسپی قابل ستائش ہے،پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پنجاب کا آئندہ بجٹ متواز ن اور عوام دوست ہوگا ،پنجاب حکومت نے میگاپراجیکٹس پر کام کیا ہے ،ایک ایک پائی قوم کی امانت ہے ، لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کی تکمیل پاکستان کی تاریخ میں اہم کارنامہ ہے اور ایسے انقلابی اقدامات اور منصوبوں سے پاکستان نہ صرف ترقی کرے گا بلکہ اپنا کھویا ہوا مقام بھی ضرور حاصل کر ے گا۔

لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کی طرح باقی فرسودہ نظام کو بھی تیزی سے بدل رہے ہیں اور ترقی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے تاریخ ساز اور انقلابی منصوبے کی تکمیل سے پنجاب بھر کی 143 تحصیلوں میں اراضی ریکارڈ سنٹرز نے خدمات کی فراہمی شروع کر دی ہے اور اس پراجیکٹ کے تحت 23 ہزار دیہات کی اراضی کی کمپیوٹرائزیشن کی گئی ہے۔

اراضی کی کمپیوٹرائزیشن کے جدید نظام سے غیرمنقولہ جائیدادو ں کے معاملات میں ہونے والی قتل و غارت، خاندانی دشمنیوں، بے جا مقدمہ بازی، کرپشن اور بدعنوانیوں کا خاتمہ ہوگا اور عوام کو پٹواری کلچر سے نجات ملے گی اور اس نظام کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اسمبلی میں قانون سازی بھی کی جائے گی۔ حکومت بدل بھی جائے تو یہ نظام چلتا رہے گا۔ گزشتہ دور آمریت میں لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے منصوبے میں قوم کے کروڑوں روپے ڈبو دیئے گئے اور اسی طرح کے بعض کرپشن کے گھمبیر سکینڈل بھی سامنے آئے۔