جوہری تنصیبات میں 2734 حادثات ریکارڈ ،پاکستان میں ایک بھی نہیں ہوا،اعزاز احمد چوہدری

جمعہ 1 اپریل 2016 16:32

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم اپریل۔2016ء) پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کا جوہری پروگرام مکمل طور پر محفوظ اور خطے میں استحکام کے لئے ہے،پاکستان کا ایٹمی پروگرام قومی دفاع اور کم سے کم ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لئے ہے اور اس کا مقصد خطے میں استحکام کو محفوظ بنانا ہے، دنیا کے مختلف ممالک میں جوہری مواد اور جوہری پلانٹس میں کئی حادثات اور واقعات رونما ہوئے لیکن پاکستان میں ایسا کچھ نہیں ہوا، پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر محفوظ ہے اور اسے کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں ہے،انہوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی عالمی سطح پر جوہری تنصیبات میں 2734 حادثات ریکارڈ کیے ہیں جن میں سے 5 حادثات ہندوستان میں ہوئے تاہم پاکستان میں 40 سال سے جاری جوہری پروگرام میں ایک بھی حادثہ یا حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن میں ایٹمی سلامتی کانفرنس میں شرکت کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جوہری تنصیبات کی حفاظت پاکستان کی قومی ذمہ داری ہے اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی اس حوالے سے انتظامات کا جائزہ لے کر اقدامات اٹھاتی رہتی ہے،پاکستان کے مختصر نشانے کے میزائل اور چھوٹے جوہری ہتھیاروں کو ٹیکنیکل یا جنگ کے ہتھیار کہنا درست نہیں ہے،میزائل سسٹم پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دور یا قریب تک نشانہ بنانے والے میزائل کسی بھی جارحیت کو رکنے کے لیے ہیں، ہم جنگ سے تحفظ چاہتے ہیں، ان ہتھیاروں کو جنگی ہتھیار کہنا درست خیال نہیں ہے، یہ صرف طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے لیے ہیں، ان کا مقصد صرف اور صرف دفاع ہے۔

جوہری پروگرام کے حوالے سے انہوں نے پاکستان کے موقف کا ایک بار پھر اعادہ کیا کہ یہ قابل اعتماد اور کم سے کم دفاعی صلاحیت کے لیے ہیں،پاکستان میں ان ہتھیاروں کے استعمال کے حوالے سے فیصلے کا اختیار کسی فیلڈ کمانڈر کے پاس ہونے کی میڈیا کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ تمام جوہری ہتھیار اس وقت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے کنٹرول میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں تمام حساس مقامات پر ریڈیشن مانیٹر لگائے گئے ہیں جبکہ ملک میں مزید مانیٹرز لگانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :