وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے صنعتی پالیسی پر فوری طور پر عملدرآمد کی ہدایت کردی

سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے اور ان کا اعتماد بحال کرنے کیلئے ایکٹ بنانے کا بھی حکم دیا

جمعرات 31 مارچ 2016 22:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے سرمایہ کاروں کو سہولیات دینے کیلئے صوبائی صنعتی پالیسی پر فوری طور پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے باضابطہ ایکٹ بنانے کا حکم دیا ہے۔ وہ جمعرات کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں وزیراعلیٰ کے خصوصی اقدامات کے بارے میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان، صوبائی وزراء، وزیراعلیٰ کے معاونین خصوصی اورمشیروں کے علاوہ چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی، بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ، ٹیوٹا، بلین ٹری سونامی پراجیکٹ، سوات ایکسپریس وے، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر جیسے اہم اقدامات پر پیش رفت اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے صنعتی زونز کے قیام پر جلد کام شروع کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو صنعتی پالیسی کا نفاذ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے اور ان کا اعتماد بحال کرنے کیلئے ایکٹ بنانے کا بھی حکم دیا۔ اسی طرح انہوں نے گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ برائے خواتین پشاور کی اپ گریڈیشن کو یقینی بنانے کیلئے تین ماہ کے اندر ٹینڈر مشتہر کرنے کی ہدایت کی ۔

مزید برآں وزیراعلیٰ نے اکنامک زونز ڈویلپمنٹ کمپنی کی مشاورت سے صنعتی زونز میں فنی تربیتی مراکز قائم کرنے اور ماہر انسٹرکٹرز کے حصول کے لئے آسامیاں ایڈورٹائز کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے تربیتی مراکز کی باضابطہ منیجمنٹ کیلئے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے سوات ایکسپریس وے کی تعمیر کو اگلے سال دسمبر تک ہر صورت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی محکموں کے پاس موجود کمرشل مقامات کی نشاندہی کر نے اور ایسے مقامات پر تجارتی نوعیت کی تعمیرات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بلین ٹری سونامی منصوبے کی پیش رفت کو سراہتے ہوئے اس کے اہداف کے حصوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اس موقوع پر بلین ٹری سونامی کیلئے کام کرنے والے دو افراد کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ وہ کسی معافی کے مستحق نہیں۔

مزید برآں انہوں نے خیبر پختونخوا میں نوجوانوں کی صلاحیت سے استفادہ کرنے کیلئے انہیں کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر میں خوبصورتی کے پہلو پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔