Live Updates

محمودالرشید کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ،ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیوں میں اپوزیشن کو شامل نہ کئے جانے پر احتجاج

انٹرا پارٹی انتخابات،پری بجٹ سیشن سمیت، ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیوں میں اپوزیشن کو شامل نہ کرنے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 31 مارچ 2016 22:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں انٹرا پارٹی انتخابات،پری بجٹ سیشن سمیت، ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیوں میں اپوزیشن کو شامل نہ کرنے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر مراد راس، سعدیہ سہیل، شنیلا روتھ، شعیب صدیقی، اعجاز خان، جاوید انصاری، صدیق خان، علی سلمان، آصف محمود، نوشین حامد معراج، نبیلہ حاکم علی، ڈاکٹر صلاح الدین، احمد خان بچھڑ، ظہیر الہ زئی ، راحیلہ انورنے شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز میں اراکین صوبائی اسمبلی نے شہدائے گلشن اقبال کیلئے فاتحہ خوانی کی ، اراکین کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب دہشتگردی کے خاتمہ میں مکمل طور پر ناکام رہی ، حالیہ واقعے نہ یہ بات ثابت کر دی ہے کہ حکومت کی ترجیحات انسان نہیں، اراکین نے مطالبہ کیا کہ حکومت پلوں سڑکوں میٹرو کی بجائے انسانوں کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیوں میں اپوزیشن کو شامل نہ کئے جانے پر شدید احتجاج کیا گبا، اراکین کا کہنا تھا کہ حکومت اس حوالے سے اپوزیشن ارکان سے کوئی مشاورت نہیں کرتی ،حکومت تعصبانہ رویہ بدلے اور اپوزیشن اراکین کو ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیوں میں شامل کرے ورنہ اسمبلی کی کارروائی نہیں چلنے دی جا ئیگی۔

اجلاس میں پی ٹی آئی اے کے تمام ایم پی ایز نے آئندہ بجٹ2016-17 کے حوالے سے شعبہ تعلیم، صحت، صاف پانی کے منصوبہ جات، بلدیاتی اداروں، کرپشن، زراعت ، یوتھ سمیت دیگر شعبہ جات کے حوالے سے اپنی اپنی بجٹ تجاویز دیں جسے پنجاب اسمبلی کے آج ہونیوالے اجلاس میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید پیش کرینگے، اراکین کا کہنا تھا کہ حکومت نے ماضی کی طرح بجٹ میں اپوزیشن کی تجاویز کو نظرانداز کیاتو بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ اور شدید احتجاج کرینگے۔

اجلاس میں تحریک انصاف کے جماعتی انتخابات پر بھی تفصیلی تبادلہ کیا گیا۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمودالرشید پارٹی میں انتخابات کرانے کا فیصلہ خوش آئند قرار دیتے ہوئے عمران خان کی سیاسی بصیرت کو سراہا، انکا کہنا تھا کہ حکمران انٹرا پارٹی انتخابات کو صرف اس لئے تنقید کا نشانہ بنا رہیے ہیں کیو نکہ وہ جانتے ہیں تحریک انصاف کے جماعتی انتخابات کے بعد انکے پارٹی کارکن بھی انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا مطالبہ کرینگے جو حکمران لیگ کیلئے نہ صرف ناممکن مشق ہے بلکہ انٹرا پارٹی انتخابات سے ن لیگ کی سیاسی موت بھی واقع ہو جائیگی، میاں محمودالرشید نے مزید کہا کہ انتخابات سے تحریک انصاف ایک ادارہ بنے گی جو چیئرمین عمران خان کے خواب کی تعبیر ہوگی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات