دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف باتوں تک ہی محدود نہیں، ایم ڈبلیو ایم

سانحہ لاہور کے بعد دہشتگردوں سے نرمی کی گنجائش نہیں بچی ہے، آغا رضاء

جمعرات 31 مارچ 2016 22:14

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے سیکریٹری اطلاعات اور رکن صوبائی اسمبلی آغا رضا صاحب کی جانب سے جاری شدہ بیان میں سانحہ لاہور کو ملک کے ترقی کے روک تھام کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چند مٹھی بھر ملک دشمن عناصر ہمیں مسلسل نقصان پہنچانے میں مصروف ہیں۔ پاک سر زمین کے رہائشیوں اور محبوں کا قتل عام کرنے والے کبھی بھی محب ِوطن نہیں ہو سکتے۔

شہریوں کو جن عناصر سے خطرہ ہیں ،وہ ملک دشمن عناصر ہیں، دہشتگردی نے ملک و قوم کو بڑے نقصانات سے دوچار کیا ہے۔ ملک کی سلامتی اور ترقی کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ ضروری ہے کیونکہ آج ہماری پسماندگی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہمارا ملک دہشتگرد عناصر کا شکار ہے، دہشتگردی کی وجہ سے اب تک ہزاروں بے گناہ پاکستانی مالک ِ حقیقی سے جا ملے ہیں۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں سے نرم حسن سلوک اختیار کرنا، قیمتی جانوں کی قربانی کے ضیا ع اور شہیدوں کے ساتھ وفا نہ کرنے کے مترادف ہوگا۔

سانحہ لاہور دہشتگردی کا ایک بڑا واقعہ ہے اور اس کے بعد دہشتگردوں سے کسی قسم کی نرمی کی گنجائش نہیں بچھی ہے۔ دہشتگردوں کو انکے اصل انجام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں جس طرح بے گناہ افراد کو انکے زندگیوں سے محروم کیا گیا، اس سے صاف پتا چلتا ہے کہ ایسا کام کرنے والا مسلمان ہرگز نہیں ہوسکتا، ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک مقاصد کے حصول کیلئے دہشتگردوں کوپروان چڑھانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں مگر یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم انکا راستہ روکے اور انکے مقاصد کو چھکنا چھور کر دے۔

ہم سب پاکستان کے شہری ہیں، وطن عزیز پاکستان سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں اسکی طرف ناپاک نگاہیں، ہمیں ہرگز برداشت نہیں اور اسے نقصان پہنچانے کا ارادہ رکھنے والوں، اسکے دشمنوں ، اسکے خلاف سازش میں مصروف عناصر اور اسکے باسیوں کو پریشانی میں مبتلاء کرنے کی سوچ رکھنے والوں کو انکے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ لاہور کے بعد ہسپتالوں میں زخمیوں کیلئے خون کی ضرورت ہوئی تھی، الیکٹرونک میڈیا کے بعض چینلوں میں اس خبر کے نشر ہونے کے بعد لاہور کے سینکڑوں افراد زخمیوں کی ضروریات کو پورا کرنے ہسپتالوں میں پہنچ گئے تھے۔

زخمیوں کی مدد کیلئے پہنچے افراد نے ساری دنیا کیلئے اس بات کو ثابت کر دیا کہ ہمارا اتحاد، حب الوطنی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف باتوں تک ہی محدود نہیں۔ سانحہ لاہور میں شہید ہونے والے افراد میں ایسے بہت سے افراد ہیں جن کا تعلق ایک گھرانے سے ہیں، ایک ہی گھرانے کے کئی افراد شہید ہوئے ہیں ، بہت سے گھرانوں کی زندگیاں تباہ ہو گئی ہیں اور شاید اس نقصان کی تلافی کبھی نہ ہو سکیں۔

دہشتگردی کا خاتمہ ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور دہشتگردی کے خاتمے سے ہی ہم ایک سنہری مستقبل اور پیارے پاکستان کے خواب کو پورا کر سکتے ہیں۔ بیان کے آخر میں کہا گیا کہ ہم کبھی بھی دہشتگردوں کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔ دہشتگردوں کو ان تمام وارداتوں اور ان تمام واقعات و سانحات کا حساب دینا ہوگا جنہیں وہ بخوشی انجام دیتے ہیں اور مجلس وحدت مسلمین سانحہ لاہور کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتی اور ہم انکی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں اسکے ساتھ ساتھ شہداء کے ساتھ دلی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور انکے دکھ میں انکے برابر کے شریک ہیں۔

متعلقہ عنوان :