ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق وقار یونس کی تحقیقاتی رپورٹ کا لیک ہونا پاکستان کرکٹ بورڈ کی ناکامی ہے ٗریاض حسین پیرزادہ

کرکٹ میں پارلیمنٹ سے زیادہ سیاست ہے، وزیر اعظم اس بات کا نوٹس لیں ٗوقار یونس کی شکایت

جمعرات 31 مارچ 2016 22:09

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق وقار یونس کی تحقیقاتی رپورٹ کا لیک ہونا پاکستان ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہاہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کی تحقیقاتی رپورٹ کا لیک ہونا پاکستان کرکٹ بورڈ کی ناکامی ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی اور اس حوالے سے بہتری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وقار یونس نے وفاقی وزیر سے ورلڈ کپ سے متعلق بنائی گئی اپنی رپورٹ لیک ہونے کا نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ کرکٹ میں پارلیمنٹ سے زیادہ سیاست ہے، وزیر اعظم اس بات کا نوٹس لیں۔

(جاری ہے)

وقاریونس سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ وقار یونس صرف ٹیم کے ہیڈ کوچ نہیں بلکہ ہمارے قومی ہیرو بھی ہیں، ہمیں اپنے قومی ہیرو کی تذلیل نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وقار یونس کی ٹیم کی کارکردگی سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ کا لیک ہونا پی سی بی کی ناکامی ہے، رپورٹ کا لیک ہونا پی سی بی کے اندرونی اختلافات کو ثابت کرتا ہے، وقار یونس کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کروں گا اور انھیں قومی ٹیم کے کوچ کی جانب سے ملاقات کی خواہش کا بھی بتاؤں گا۔ وزیراعظم ابھی مصروف ہیں تاہم جلد وقار یونس کو ملاقات کیلئے بلائیں گے کیونکہ وہ خود بھی کرکٹ سے بہت دلچسپی رکھتے ہیں۔قومی ٹیم میں اختلافات سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وقاریونس کا کہنا تھا کہ میری رپورٹ میں کہیں بھی ٹیم میں لڑائیوں اوراختلافات کا ذکر نہیں بلکہ اس میں ان خرابیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جس کی وجہ سے ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔