پٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ روپے اور ہائی سپیڈڈیزل کی قیمت میں 1.40روپے فی لیٹر اضافہ

لائٹ ڈیزل ٗ مٹی کا تیل اور ہائی آکٹین آئل کی قیمتیں برقرار رہیں گی ٗ وزیر خزانہ بینک رقوم پر 0.4 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے ،سینیٹر اسحاق ڈار

جمعرات 31 مارچ 2016 22:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) حکومت نے یکم اپریل سے پٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 40پیسے فی لیٹر کی منظوری دیدی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل ایچ او بی سی اور مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا ۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر ا سحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یکم اپریل سے پٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 40پیسے اضافہ کیا جارہا ہے انہوں نے بتایا کہ لائٹ ڈیزل ٗ مٹی کے تیل اور ہائی آکٹین کی قیمتیں برقرار رہیں گی اور ان میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائیگا۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ مٹی کا تیل عام آدمی استعمال کرتے ہیں اور اس کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جارہاہے انہوں نے بتایا کہ اوگرا نے پانچوں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری بھجوائی تھی وزیر اعظم نے پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کچھ اضافہ کی منظوری دی ہے وزیر خزانہ نے بتایا کہ مٹی کے تیل لائٹ ڈیزل اور ایچ او بی سی کی قیمتوں میں اضافہ نہ کر نے سے حکومت کو دو ارب روپے کا نقصان ہو گا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 90پیسے فی لیٹر ٗایچ او بی سی کی قیمت میں 4روپے 67پیسے فی لیٹر ٗ مٹی کے تیل کی قیمت میں 5روپے 64پیسے فی لیٹر ٗ ہائی سپیڈ کی قیمت میں ایک روپے 40 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5روپے اضافہ کر نے کی سمری بھجوای گئی تھی۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ بینک رقوم پر 0.4 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے جبکہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی مدت میں بھی ایک ماہ کا اضافہ کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :