اسلام آباد کا دھرنا ختم ہوا ہے تحریک ختم نہیں ہوئی ،نظام مصطفی کے عملی نفاذ کی پر امن اور جمہوری جد وجہد جاری رکھیں گے،وعدوں کی پاسداری نہ کی گئی تو کراچی سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کرینگے ، مذاکرات کی راہ اختیارکرکے ہم نے ملک میں قیام امن کی جانب قدم اٹھادیاہے

سربراہ پاکستان سُنّی تحریک محمدثروت اعجازقادری کی رعلماء ومشائخ سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعرات 31 مارچ 2016 21:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مارچ۔2016ء ) سربراہ پاکستان سُنّی تحریک محمدثروت اعجازقادری نے کہاہے کہ اسلام آباد کا دھرنا ختم ہوا ہے تحریک ختم نہیں ہوئی ،نظام مصطفی کے عملی نفاذ کی پر امن اور جمہوری جد وجہد جاری رکھیں گے،حکومت نے وعدوں کی پاسداری نہ کی تو کراچی سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کریں گے،ہم نے مذاکرات کو کامیاب بنا کر ملک میں امن کے قیام کی جانب قدم اٹھادیاہے ،حکومت مذاکرات میں طے پانے والے نکات پر من و عن عمل کو یقینی بنائے ۔

وہ جمعرات کو جڑواں شہروں کے عہدیداروں اورعلماء ومشائخ سے ملاقات کے دوران گفتگوکر رہے تھے ۔انکاکہناتھاکہ دھرنے کے دوران حکومتی طرز عمل غیر جمہوری اور تکلیف دہ رہا ،دھرنے کے شرکاء پر کھانا ،پانی اور ادویات بند کرناانتہائی غیر انسانی سلوک تھا،حکومت کے اس شرمناک رویے پر سیاسی جماعتوں کی پراسرارخاموشی بھی سوالیہ نشان ہے ،ہزاروں کارکنان کو حکومتی وعدے کے مطابق رہا نہیں کیا جا رہاجو کہ راولپنڈی،اسلام آباد ،لاہور، گجرات،جہلم،شیخوپورہ،میانوالی سمیت دیگر جیلوں اور تھانوں میں موجود ہیں،چوہدری نثار ٹارزن بننے کی بجائے حقیقت پسند ی کا سامنا کریں ، ہم خیال سیاسی اوردینی جماعتوں سے رابطے میں ہیں جلد آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کریں گے،را کے گرفتا رایجنٹ کامعاملہ عالمی سطح پر نہ اٹھانا پوری قوم کیلئے تشویش کاباعث ہے ،قوم انتظار کر رہی ہے کہ حکومت کب بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ پر سرکاری موقف عالمی برادری کے سامنے لائے گئی ؟ثروت اعجازقادری کاکہناتھاکہ پنجاب میں رینجرز کا دہشتگردوں کے خلاف آپریشن شروع ہونا خوش آئند ہے،بھارت کی بلوچستان اور کراچی میں مداخلت کے واضح ثبوت مل چکے ہیں ،مگر حکومت اس حساس مسئلہ پر بھی ذاتی کاروبار کو ترجیح دینا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

میاں نواز شریف بھارت کے ساتھ ذاتی تعلقات کی پینگیں بڑھانے کی بجائے بلوچستان اور کراچی کے حالات پر نظر ڈالیں، بھارت خطے میں بد امنی اور انتشار پھیلانا چا ہتا ہے،بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے بلوچستان کے عوام کو ان کے بنیادی شہری حقوق دینا ہوں گے،کراچی سے بد امنی ختم کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں میں چھپے را ء کے ایجنٹو ں کو بے نقاب کرنا ہوگا،اس موقع پرانکے ہمراہ سُنّی تحریک پنجاب کے صدرمحمدشاداب رضانقشبندی، ڈاکٹرعمران مصطفی کھوکھر،مفتی لیاقت علی رضوی،علامہ عطاء الرحمن دھنیال،علامہ طاہراقبال چشتی ،علامہ وسیم عباسی،محمدبشارت عباسی،ڈاکٹرطیب رضا،علامہ قاسم موہڑوی،انجینئرمحمدنجم الثاقب عطاری،سیدفاروق حیدرشاہ نقوی،محمدعثمان اعوان ودیگربھی موجودتھے۔