امید ہے اہم میڈیا تنظیم کے عہدیداران ملک میں جمہوری ادراوں کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد

جمعرات 31 مارچ 2016 21:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے اور امید کا اظہار کیا ہے کہ اہم میڈیا تنظیم کے عہدیداران ملک میں جمہوری ادراوں کی ترقی اور جمہوری روایات کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی کے نو منتخب صدر سرمد علی اور جنرل سیکرٹری عمر مجیب شامی کے نام اپنے پیغام میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ماضی میں قوم کی بحالی جمہوریت کی تحریک میں پاکستان پیپلزپارٹی اور صحافی برادری نے مل کر آمریتی قوتوں کے خلاف جنگ لڑی ہے اور بڑی قربانیاں دی ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک جمہوری معاشرے میں آزاد میڈیا کے اہم کردار کو تسلیم کرتی ہے اور اس کے لیے اپنا ساتھ جاری رکھے گی،پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی کے تمام نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے پارٹی کی جانب سے مستقبل میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔