قاری کار چور گینگ کے سرغنہ سمیت 2ملزمان گرفتار

ایک کروڑ 50لاکھ روپے سے زائدمالیت کی چوری شدہ27کاریں برآمد

جمعرات 31 مارچ 2016 21:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء)اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن نے کار چوری کی وارداتوں میں ملوث قاری کار چور گینگ کے سرغنہ سمیت 2ملزموں کو گرفتار کر کے اس کی نشاندہی پرایک کروڑ 50لاکھ روپے سے زائدمالیت کی چوری شدہ27کاریں برآمد کر لی ہیں۔تفصیلات کے مطابق کار چوری کی وارداتوں کی روک تھام اور ان میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کیلئے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی ہدایات پر پولیس کی سپیشل ٹیمیں ان وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے دن رات سر گرم عمل ہیں۔

ایس پی AVLSاویس ملک نے ڈی ایس پی اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن سلیم مختار بٹ کی سربراہی میں AVLSماڈل ٹاؤن سب انسپکٹر محمد عباس اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل جوپولیس ٹیم تشکیل دی اس نے کار چوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث قاری کار چوری گینگ کے سرغنہ مجید اﷲ عرف قاری اور اس کے ساتھی اعتبار گل کوگرفتار کر کے ان سے ایک کروڑ50لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 27عدد چوری شدہ گاڑیاں برآمد کر لی ہیں۔

(جاری ہے)

ملزم اپنے طریقہ واردات میں تجارتی مراکز پلازوں، گھروں اور پارکنگ اسٹینڈز کے باہر کھڑی گاڑیوں کو ماسٹر کیز کے ذریعے کھول کرفرار ہو جاتا تھے اور براستہ موٹروے پشاور لے جا کر اُونے پونے داموں فروخت کر دیتے تھے اور جو گاڑیاں نئے ماڈل کی ہوتی تھیں وہ مہمندایجنسی کے راستے جلال آباد افغانستان میں فروخت کرتے تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل میں کار چوری کے مقدمات میں کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔

دوران تفتیش ملزموں نے تھانہ ماڈل ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن،نصیر آباد،گلبرگ، ڈیفنسA، اچھرہ، وحدت کالونی، جوہر ٹاؤن، ٹاؤن شپ، مزنگ، پرانی انار کلی، گجر پورہ، جنوبی چھاؤنی اور قلعہ گجر سنگھ کے تھانوں کی حدود سے کار چوری کی درجنوں مزیدوارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا نے کار چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزموں کی گرفتاری اور بھاری مقدار میں برآمدگی پر پولیس ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلا ن کیا ہے ۔