سی ٹی او کی رنگدار شیشوں، مشکوک اوربغیر نمبرپلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو خصوصی چیک کر نے کی ہدایت

کریک ڈاؤن کے دوران ابتک 81544رنگدار شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ،1069مختلف تھانوں میں بند

جمعرات 31 مارچ 2016 21:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء)چیف ٹریفک آفیسرلاہورطیب حفیظ چیمہ نے شہر میں سکیورٹی ،امن وامان کی صورتحال اور ٹریفک کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے سرکل افسران،سیکٹر انچارجز اور ٹریفک وارڈنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک کی روانی یقینی بناتے ہوئے دوران ڈیوٹی کالے شیشے،مشکوک گاڑیوں اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو خصوصی طور پر چیک کریں،ٹریفک وارڈنزضلعی پولیس کے ساتھ مسلسل رابطہ میں رہیں اور کوئی بھی مشکوک گاڑی یا شخص دیکھنے پر فوری طور پر مقامی پولیس کے ساتھ مل کر کاروائی کریں۔

چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس نے خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران ابتک81544رنگدار شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی جن میں سے1069گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کرایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر نمونہ اور بغیر نمبر پلیٹ 153469گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہری امن و امان کی صورتحال اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں ،شہری کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلئے ا پنی گاڑی اور موٹر سائیکل پر درست اور واضح نمبر پلیٹس لگائیں جبکہ گاڑیوں کی ونڈ سکرین اور شیشوں سے رنگدار پیپرز اتار دیں ۔

چیف ٹریفک آفیسرنے ٹریفک وارڈنز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی کی نوعیت کو سمجھتے ہوئے چاک و چوبند ہوکر فرائض سرانجام دیں۔