چوہوں سے تنگ کینٹ انتظامیہ نے ایک چوہا مارنے والے کے لئے 300 روپے انعام کا اعلان کر دیا

جمعرات 31 مارچ 2016 21:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) چوہوں سے تنگ کینٹ انتظامیہ نے ایک چوہا مارنے والے کے لئے 300 روپے انعام کا اعلان کردیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پشاور میں ضلعی انتظامیہ کے بعد اب کینٹ ایریا کی انتظامیہ نے بھی چوہے کی ٹارگٹ کلنگ پر نقد انعام کا اعلان کردیا ہے ، کینٹ انتظامیہ نے ایک چوہے کے سر کی قیمت 300 روپے مقرر کردی ہے، جو شخص جتنے چوہے مارے گا اسے ہر چوہے کے بدلے 300 روپے نقد انعام دیا جائے گا۔

کینٹ انتظامیہ نے چوہے مارنے والے شخص کے لئے یہ شرط عائد کی ہے کہ اس کا تعلق کینٹ یا صدر سے ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے ایک چوہے کو مارنے پر 25 روپے انعام کا اعلان کیا تھااس سلسلے میں شہر کے چاروں ٹاؤنز میں مخصوص پوائنٹس بنائے گئے ہیں اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ چوہے ان مقامات پر لاکر پھینکیں اور اپنے انعام حاصل کریں۔