وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریوکی ملاقات

برطانوی ہائی کمشنرکی سانحہ گلشن اقبال پارک کی مذمت،قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار

جمعرات 31 مارچ 2016 21:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ محمد پنجاب شہبازشریف سے برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریونے ملاقات کی۔اس موقع پربرطانوی ہائی کمشنرنے سانحہ گلشن اقبال پارک کی مذمت کی اورقیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔برطانوی ہائی کمشنر نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اوراظہار تعزیت بھی کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک تاریخ کا ایک بدترین واقعہ ہے ۔دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پوری پاکستانی قوم ایک بار پھر یکجااورمتحدہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اقوام عالم کامشترکہ مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کرنا ہے ۔پاکستان میں دہشت گردی اورانتہاء پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ۔ قائداعظم کے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لارہے ہیں۔برطانوی ہائی کمشنرتھامس ڈریونے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت اوراس کے عوام کیساتھ ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے برطانیہ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔