ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی کا صبح اور شام کے وقت امتحانی مراکز کا اچانک دورہ

جمعرات 31 مارچ 2016 21:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے جمعرات کو مختلف اضلاع میں صبح اور شام کے وقت امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ شام کی شفٹ میں نویں کلاس کے آرٹس کے امتحان کے دوران غازی محمد بن قاسم گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول لیاری میں پانچ افراد کو جو انگریزی کا پرچہ اصل امیدواروں کی جگہ دے رہے تھے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور ان کے کیسز کو سزا دینے والی کمیٹی کے حوالے کر دیا، یاد رہے کہ اصل امیدوار کی جگہ کسی اور کے امتحان دینے سے اصل امیدوار کو دو سال کیلئے کسی بھی امتحان میں شریک ہونے سے روکنے کی سزا دی جا سکتی ہے ان امیدواروں کے رول نمبر 252508 ، 252509، 252527، 255074اور 255247 تھے جبکہ بورڈ کے چیئرمین نے اس کمرے کے نگراں کو مستقل طور پر امتحانی کام کرنے سے روک دیا، اس امتحانی مرکز میں غیر تدریسی عملے کے بعض افراد کو نگرانی کی ڈیوٹی دی ہوئی تھی جس پر پروفیسرانوار احمد زئی نے کہا کہ پالیسی کے مطابق کسی بھی غیر تدریسی عملے کو نگرانی کی ڈیوٹی تفویض نہیں کی جا سکتی اس لئے انہیں بھی کام سے الگ کر دیا گیا اور سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو پابند کیا کہ وہ تدریسی عملے کو نگراں بنائیں۔

(جاری ہے)

بورڈ کے چیئرمین نے صبح کے وقت سیکرٹری بورڈ اور سینئر افسران، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی ٹیم کے ساتھ ضلع شرقی اور کورنگی کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ریحان سیکنڈری اسکول زمان ٹاؤن میں چیئرمین بورڈ کے ساتھ ویجیلینس ٹیم کی خاتون رکن نے ایک طالبہ کو نقل کرتے ہوئے پکڑا اور اس کا کیس بھی سزا دینے والی ٹیم کے سپردکر دیا جبکہ اس کمرہ امتحان کی نگراں کو بھی امتحانی کام سے فارغ کرنے کے احکامات موقع پر جاری کئے گئے۔

دریں اثناء چیئرمین بورڈ کی اعلیٰ سطحی ویجیلینس ٹیم نے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول بلاک 6 گلشن اقبال اور گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائرسیکنڈری بوائز اسکول کورنگی 3 کے امتحانی مراکز کا بھی دورہ کیا ان دونوں امتحانی مراکز میں سے ہر ایک میں 700سے زیادہ امیدوار شریک امتحان ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر بورڈ کے چیئرمین نے کے الیکٹرک کی جانب سے امتحانی مراکز کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اعلان کا بھی خیر مقدم کیا اور توقع ظاہر کی کہ ان کا یہ فیصلہ امتحان کے اختتام تک جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :