جمہوری دور میں بلدیاتی اداروں کی تشکیل ایک اہم پیش رفت ہے ٗعرفان صدیقی

بلدیاتی اداروں کی موجودگی سے عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے میں مدد ملے گی ٗ شیخ انصر سے گفتگو

جمعرات 31 مارچ 2016 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہاہے کہ جمہوری دور میں بلدیاتی اداروں کی تشکیل ایک اہم پیش رفت ہے ٗبلدیاتی اداروں کی موجودگی سے عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے میں مدد ملے گی ۔وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پہلے اور نومنتخب مئیر شیخ انصر عزیز نے ملاقات کی۔

عرفان صدیقی نے شیخ انصر عزیزکو اسلام آباد کا پہلا مئیر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا اپنے ساتھیوں سمیت انتخاب میں کامیابی حاصل کرنا وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کے مسلم لیگ (ن)، اس کی قیادت اور ایجنڈے پر اعتماد کا اظہار ہے جس پر پورا اترنے کیلئے انہیں اپنی ٹیم کے ہمراہ بھرپور صلاحیتوں اور قومی جذبہ سے کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمہوری دور میں بلدیاتی اداروں کی تشکیل ایک اہم پیش رفت ہے۔ بلدیاتی اداروں کی موجودگی سے عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی بہترین کارکردگی سے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے کردار ادا کریں اور شہروں کی صفائی ستھرائی سے لے کر معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے متحرک انداز اپنائیں۔

وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں کے عوام کے مسائل کے حل اور معیاری شہری سہولیات کی فراہمی کے لئے قابل تقلید مثال ثابت ہوں گے۔ شیخ انصر عزیز نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت اور سینئرز کی رہنمائی میں وہ پوری تندہی اور عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہوکر کام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :