ڈی چوک میں دھرنے اور توڑ پھوڑ میں گرفتار ڈیڑھ سو سے زائد مظاہرین کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

تھانہ کوہسار کے 138،تھانہ آئی نائن کے تیس اور تھانہ سیکریٹریٹ کے 25 مظاہرین شامل

جمعرات 31 مارچ 2016 20:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) ڈسٹرکٹ کورٹ اسلام آباد نے ڈی چوک میں دھرنے اور توڑ پھوڑ میں گرفتار ڈیڑھ سو سے زائد مظاہرین کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔جمعرات کو وفاقی پولیس نے 150سے زائد ملزمان کو ایف ایٹ کچہری میں پیش کیا تاہم جگہ کم ہونے کی وجہ سے ملزمان کو کمرہ عدالت میں پیش نہ کیا گیاپولیس کی استدعا پر ججز نے بخشی خانے میں سماعت کی۔

(جاری ہے)

بخشی خانہ کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی ٗسماعت کے دوران پولیس نے گرفتار ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزمان پر لگائی گئیں دفعات ناقابل ضمانت ہیں جس پر عدالت نے گرفتار ڈیڑھ سو سے زائد مظاہرین کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ ملزمان کے مقدمات کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹس حیدرعلی شاہ، نصیرالدین اور عدنان جمالی نے کی۔ملزمان کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ،آئی نائن اور تھانہ کوہسار میں چار مقدمات درج ہیں۔تھانہ کوہسار کے 138،تھانہ آئی نائن کے تیس اور تھانہ سیکریٹریٹ کے 25 مظاہرین شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :