شعبہ طب کے طلباء عملی زندگی میں دیانتداری اور دوسروں کیلئے ہمدردی کے جذبات سے کام لینے کو رہنما اصول بنائیں ٗ سائرہ افضل تارڑ

ہماری پالیسیوں سے دنیا بھر سمیت ترقی یافتہ ممالک میں پاکستانی ادویات کی برآمد کو فروغ حاصل ہو گا ٗ وزیر مملکت کا خطاب

جمعرات 31 مارچ 2016 20:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوارڈینیش سائرہ افضل تارڑ نے طب کے شعبہ میں تعلیم پانے والے طلبا پر زور دیا کہ وہ عملی زندگی میں دیانتداری اور دوسروں کے لئے ہمدردی کے جذبات سے کام لینے کو رہنما اصول بنائیں ٗ ہماری پالیسیوں سے دنیا بھر سمیت ترقی یافتہ ممالک میں پاکستانی ادویات کی برآمد کو فروغ حاصل ہو گا۔

جمعرات کو ہمدرد یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کے طلبا و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ میں نے وزارت صحت کا چارج سنبھالتے ہی شراکت داروں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت کرنے کے بعد متبادل ادویات کے قواعد نوٹیفائی کئے۔

(جاری ہے)

یہ قواعد جڑی بوٹیوں سے بنی روایتی دیسی ادویات، یونانی، آیووریدک اور ہومیو پیتھک اور بائیو کیمیک ادویات کے ساتھ ساتھ جدید فائٹو میڈیسنز سے متعلقہ امور کا احاطہ کرتے ہیں۔

ان قواعد پر عمل درآمد سے عوام کو محفوظ، مؤثر اور معیاری ادویات سستے داموں دستیاب ہوں گی۔ ہماری پالیسیوں سے دنیا بھر سمیت ترقی یافتہ ممالک میں پاکستانی ادویات کی برآمد کو فروغ حاصل ہو گا اور میرے لئے یہ اعلان کرنا بڑی خوشی کی بات ہے کہ ہماری پالیسیوں کی بدولت اب روایتی ادویات کے ساتھ ساتھ ہربل ادویات، ملٹی وٹامن معدنیاتی مصنوعات پر مشتمل فوڈ سپلیمنٹ بھی تیار کئے جا رہے ہیں اور ہماری درخواست پر عالمی ادارہ صحت اعلیٰ سطحی ٹیکنیکل مشن پاکستان بھیج رہا ہے تا کہ ہمیں اس شعبہ سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کے لئے عالمی معیار کی رہنمائی حاصل ہو اور ہم اس بات پر فخر محسوس کر سکتے ہیں کہ پاکستان کی کچھ ہربل مصنوعات اور فوڈ سپلیمنٹ کینیڈا، مشرق وسطیٰ اور ترقی یافتہ ممالک سمیت امریکہ کو بر آمد کئے جا رہے ہیں۔

سائرہ افضل تارڑ نے اپنے خطاب میں طب کے شعبہ میں تعلیم پانے والے طلبا پر زور دیا کہ وہ عملی زندگی میں دیانتداری اور دوسروں کے لئے ہمدردی کے جذبات سے کام لینے کو رہنما اصول بنائیں۔

متعلقہ عنوان :