ملک کے حاکم اگر تاجر ہونگے تو وہ تجارت کو ہی فروغ دینگے ، سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری

ہمارا ملک 70سال سے کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے ،ہم کرپشن کو ختم کرنا چاہتے ہیں مگر کامیاب نہیں ہو رہے، ڈپٹی چیئر مین سینیٹ

جمعرات 31 مارچ 2016 19:47

ملکہ ہانس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) ڈپٹی چیئر مین سینیٹ آف پاکستان ومرکزی جنرل سیکرٹری جمعیت علمااسلام سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ملک کے حاکم اگر تاجر ہونگے تو وہ تجارت کو ہی فروغ دینگے اور پہلے سے زیادہ منافع کمانے کی کوشش کریں گے ،اور ملک کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کرسکیں گے،ہمارا ملک 70سال سے کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے ،ہم کرپشن کو ختم کرنا چاہتے ہیں مگر کامیاب نہیں ہو رہے،اِن خیالات کا اظہارانہوں نے ملکہ ہانس میں پیامِ امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان کا کہناتھا کہ ہمارا ملک دہشت گردی جیسے گناؤنے واقعات میں گھرا ہوا ہے ،بھارت نے پاکستان کو شروع دِن سے ہی تسلیم نہیں کیا جو اپنی را ایجنسی کے ذریعے ہمارے ملک میں بم دھماکے کراتا ہے ،مگر ہمارے بے حس حکمران مدارس کے خلاف کاروائیاں شروع کر دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پا س ہونے والا تحفظ حقوق نسواں بِل کِسی صورت ملک میں لاگو نہیں ہونے دیں گے کیونکہ اِس بِل کے ذریعے ملک کو فحاشی وعریانی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی گئی ہے ایسا کوئی بھی بِل جو اسلام اور قرآن سنت کے خلاف ہوگا اُسے کِسی صورت منظور نہیں ہونے دینگے ،جمیعت علما اسلام ایسے بِلو ں کے خلاف احتجاج کرتی رہے گی ،اِس موقع پر قاری محمد مبین ٹکٹ ہولڈر NA164اور جنرل سیکرٹری قاری دِلشاد احمد ضیاء کے علاوہ سینکڑوں کارکن موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :