سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف دلوائیں گے ‘انصاف کا خون نہیں ہونے دیں گے ،شہدائے ماڈل ٹاؤن نے ظالم نظام کو چیلنج کیا یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی

تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ناظم رانارب نوازانجم کی بات چیت

جمعرات 31 مارچ 2016 19:34

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مارچ۔2016ء ) تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ناظم رانارب نوازانجم نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف دلوائیں گے اور انصاف کا خون نہیں ہونے دیں گے ،شہدائے ماڈل ٹاؤن نے ظالم نظام کو چیلنج کیا یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پی پی 62کے وزٹ پرکارکنان سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بد قسمتی سے ملک میں ایسے حکمران مسلط ہیں جو اپنے مفادات کیلئے قانون توڑنے اور بے گناہوں کو قتل کر تے ہیں اور اگر مظلوم انصاف کیلئے عدالت جائیں تو وہاں بھی رکاوٹ بنتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سنگین واقعہ ہے،جس میں با اثر پولیس افسران اور حکمران مسلط ہیں ،انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ سانحہ مادل تاؤن پر بننے والے جوڈیشل کمشن کی رپورٹ شائع کی جائے ،انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے چشم دید گواہ پوری جرات مندی کے ساتھ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے روبرو حقائق رکھ رہے ہیں ،شہدا کے ورثا اب انصاف کے منتظر ہیں ۔