وزیر اعلیٰ کی ساہیوال کے نواحی گاوٴں میں سانحہ گلشن اقبال پارک میں جاں بحق ہونیوالی دو خواتین کے گھرآمد،تعزیت کا اظہار، جاں بحق خاتون سکینہ بی بی کی یتیم بیٹی کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان،20لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک دیا،جاں بحق ہونے والی دو سالہ جویریہ کے لواحقین کو 10لاکھ روپے مالی امداد کا چیک دیا ، درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی،آپ میری بیٹیوں کی طرح ہیں ،آپ کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا،آپ کے والد پہلے وفات پاچکے ہیں ، والدہ دھماکے میں جاں بحق ہوئیں ،اس دکھ کا اندازہ آپ سے زیادہ کوئی نہیں کرسکتا،دہشت گردوں نے قوم کی بیٹیوں ،ماوٴں، بہنوں اوربیٹوں کوبربریت کا نشانہ بنایاہے،انہیں ظلم کا حساب دینا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ شہبازشریف کی سکینہ بی بی کی بیٹی معظمہ سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 31 مارچ 2016 19:24

وزیر اعلیٰ کی ساہیوال کے نواحی گاوٴں میں سانحہ گلشن اقبال پارک میں ..

لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31مارچ۔2016ء) :وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آج ساہیوال کے نواحی گاوٴں چک نمبر 86/6-R میں سانحہ گلشن اقبال پارک میں جاں بحق ہونیوالی دو خواتین کے گھر گئے اورغمزدہ خاندان سے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے تعزیت کے بعد جاں بحق خواتین کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

گلشن اقبال پارک دھماکے میں اس گاوٴں کی رہائشی 55 سالہ سکینہ بی بی اور 2 سالہ جویریہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی تھیں جبکہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والی سکینہ بی بی کے خاوندمحمد حسین کا پہلے ہی انتقال ہوچکا ہے ۔وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونے والی خاتون سکینہ بی بی کی یتیم بیٹی معظمہ کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کیا اور20لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک دیاجبکہ دو سالہ جویریہ کے لواحقین کو 10لاکھ روپے مالی امداد کا چیک دیا ۔

(جاری ہے)

دھماکے میں اس خاندان کے30 افراد زخمی ہو گئے تھے۔شدید زخمیوں کا لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں علاج جاری ہے جبکہ معمولی زخمی اپنے گھر پہنچ چکے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے خاندان کے دو بیمار بچوں اور ایک بزرگ خاتون کے مفت علاج معالجہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت بیمار افراد کے علاج معالجے کے اخراجات برداشت کرے گی۔اس ضمن میں انہوں نے کمشنر ساہیوال ڈویژن کو ضروری ہدایا ت دیں۔

وزیراعلیٰ نے سکینہ بی بی کی بیٹی معظمہ کے سر پر ہاتھ رکھتے ہوئے اسے دلاسہ دیا اور کہا کہ پنجاب حکومت آپ کے خاندان کی ہر ممکن دیکھ بھال کرے گی۔ آپ کے والد پہلے وفات پاچکے ہیں جبکہ والدہ دھماکے میں جاں بحق ہوئی ہیں ،اس دکھ کا اندازہ آپ سے زیادہ کوئی نہیں کرسکتا۔آپ میری بیٹیوں کی طرح ہیں ،آپ کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ گلشن اقبال پارک نے کئی گھرانوں کے پیاروں کو جدا کیا ہے ۔

دہشت گردوں نے قوم کی بیٹیوں ،ماوٴں، بہنوں اوربیٹوں کوبربریت کا نشانہ بنایاہے،انہیں معصوم انسانوں پر کیے گئے ظلم کا حساب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے درندے اپنے کیے کی سزا ضرور بھگتیں گے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک نے ہر آنکھ کو اشکبار کیاہے اور پوری قوم اس افسوسناک واقعہ پر ابھی تک دل گرفتہ ہے۔

میں خود بھی ابھی تک اس افسوسناک واقعہ کے دکھ کو بھلا نہیں سکاہوں۔انہوں نے کہا کہ اس سانحہ نے ایک بار پھر پاکستانی قوم کے انسداد دہشت گردی کے عزم کو مزید پختہ کیا ہے ۔شہدا ء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو امن کا گہوارہ بنا کرپاک دھرتی کا قرض چکائیں گے۔آگ اور خون کا کھیل کھیلنے والے درندوں کا آخری ٹھکانے تک پیچھا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اورانتہاء پسندی پاکستان کا مقدر نہیں ۔دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اورانشاء اللہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آخری فتح پاکستان کے 18کروڑ عوام کی ہی ہوگی۔