”باپ کے بعد ماں بھی ہمیں روتا چھوڑ گئیں“ شہبازشریف یتیم بچی کی باتیں سن کر آبدیدہ ، ملازمت دینے کا اعلان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 31 مارچ 2016 19:24

”باپ کے بعد ماں بھی ہمیں روتا چھوڑ گئیں“ شہبازشریف یتیم بچی کی باتیں ..

لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31مارچ۔2016ء) :وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ساہیوال کے نواحی گاوٴں چک نمبر 86/6-R میں سانحہ گلشن اقبال پارک میں جاں بحق ہونیوالی 55 سالہ سکینہ بی بی کے گھر اس وقت آبدیدہ ہوگئے جب سکینہ بی بی کی بیٹی معظمہ نے بتایاکہ میرے والد پہلے ہی اس دنیا میں نہیں ہیں جبکہ و الدہ بھی دھماکے میں ہمیں اکیلا چھوڑ کرچلی گئی ہیں اور اب ہمارا کوئی سہارا نہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے سکینہ بی بی کی یتیم بیٹی معظمہ کے سر پر ہاتھ رکھ کردلاسہ دیتے ہوئے کہاکہ آپ میری بیٹیوں کی طرح ہیں اورپنجاب حکومت آپ کی ہر ممکن دیکھ بھال کریگی۔انہوں نے کہاکہ اس المناک سانحہ کو گزرے 4روز ہوچکے ہیں لیکن میں ٹھیک طرح سے سو نہیں سکا،اس انسانی المیہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے ۔ میرے لئے ممکن نہیں کہ میں اس اندوہناک واقعہ پراپنے جذبات کا الفاظ میں اظہار کرسکوں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی دنیااجڑ گئی،آپ کو جو دکھ پہنچا ہے اس کا کوئی اور اندازہ نہیں کرسکتا۔میں آپ کی جنت تو واپس نہیں لاسکتا لیکن جن درندوں نے یہ ظلم کیا ہے ان سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لوں گا۔وزیراعلیٰ نے یتیم لڑکی معظمہ کیلئے سرکاری ملازمت کا اعلان کیا اور20لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک بھی دیا۔

متعلقہ عنوان :