پاک بحریہ کے 6 کموڈور ز کی رئیر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی

ترقی پانے والوں میں ڈاکٹر نصر اکرام، ساجد وزیر، آصف حمید،زین ذوالفقار، فیصل رسول لودھی اور زاہد الیاس شامل

جمعرات 31 مارچ 2016 18:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مارچ۔2016ء) پاکستان نیوی کے 6کموڈورز ڈاکٹر نصر اکرام، ساجد وزیر خان، آصف حمید،زین ذوالفقار، فیصل رسول لودھی اور زاہد الیاس کو ریئر ایڈمرل کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی۔ رئیر ایڈمرل ڈاکٹر نصر اکرام نے 1983میں ویپن انجینئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ آپ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں اور برطانیہ کی کران فیلڈ یونیورسٹی سے ملٹری الیکٹرانک سسٹم انجینئرنگ اور قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار سٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کی ہیں ۔

آپ نے برطانیہ کی برڈفورڈ یونیورسٹی سے کرپٹوگرافی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔ آپ کی امتیازی تقرریوں میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی اور اسسٹنٹ چیف آف نیول سٹاف (سی 4آئی) شامل ہیں۔

(جاری ہے)

موجودہ وقت میں آپ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کے کمانڈنٹ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ آپ کی غیر معمولی کار کردگی اور شاندار پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں آپ کو ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔

ریئر ایڈمرل ساجد وزیر خان نے 1984میں میرین انجینئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ آپ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔ آپ نے برطانیہ کی سٹارٹ کلیڈ یونیورسٹی سے تھرموڈائنامکس میں اور قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار سٹڈیزمیں ماسٹر ز کیا ہے ۔ آپ کی امتیازی تقرریوں میں میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس میں پرنسپل انجینئر،کراچی شپ یارڈاینڈ انجینئرنگ ورکس میں جنرل منیجر (شپ بلڈنگ) اور منیجنگ ڈائریکٹر پی این ڈاکیارڈ شامل ہیں ۔

موجودہ وقت میں آپ نیول ہیڈ کوارٹرز میں اسسٹنٹ چیف آف نیول سٹاف (مینٹیننس) کی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں ۔ آپ کی غیر معمولی کارکردگی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ خدمات کی اعتراف میں آپ کو ستارہ امتیاز(ملٹری) سے نوازا گیا ہے۔ رئیر ایڈمرل آصف حمید نے 1985 میں پاکستان نیوی کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ آپ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور امریکہ کے نیول وار کالج کے گریجویٹ ہیں ۔

آپ نے قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار سٹڈیز میں ماسٹرز کیا ہے۔ آپ کثیر الملکی ٹاسک فورس 151-، 25th ڈسٹرائراسکواڈرن اور پاکستان نیوی کے جہاز شا ہجہاں کی کمانڈز کر چکے ہیں ۔ آپ کی دیگر امتیازی تقرریوں میں نیول ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر نیول آپریشنز، ہیڈکوارٹرنیوسینٹ بحرین میں کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس 150-کے چیف آف سٹاف، اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف ( آپریشنز) اور فلیگ آفیسر سی ٹریننگ کے چیف اسٹاف آفیسر کی تقرریاں شامل ہیں ۔

آپ موجود ہ وقت میں نیول ہیڈ کوارٹرز میں اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (فریگیٹ پراجیکٹ) کی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں ۔ آپ کی غیر معمولی کار کردگی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں آپ کو ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔ ریئر ایڈمرل زین ذوالفقار نے 1987میں پاکستان نیوی کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ آپ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور چین کے نیول کمانڈ کالج کے گریجویٹ ہیں ۔

آپ نے قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار سٹڈیز میں ماسٹرز کیا ہے۔ آپ ایوی ایشن اسکواڈرن اور 10thپٹرول کرافٹ اسکواڈرن کی کمانڈ زکر چکے ہیں ۔ آپ کی دیگر امتیازی تقرریوں میں کمانڈر ایئر،نیول ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر نیول وار فیئر اینڈ آپریشنل پلانز اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں ڈائریکٹنگ سٹاف کی تقرریاں شامل ہیں۔

آپ موجودہ وقت میں کمانڈر نیول ایوی ایشن کی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں ۔ آپ کی غیر معمولی کارکردگی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں آپ کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور ستارہ ایثار تفویض کیا جا چکا ہے۔ ریئر ایڈمرل فیصل رسول لود ھی نے 1986 میں پاکستان نیوی کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ آپ برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور فلپائن کے نیول سٹاف کالج کے گریجویٹ ہیں ۔

آپ نے قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار سٹڈیز میں ماسٹرز کیا ہے۔ آپ پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس طارق کی کمانڈ کی ذمہ داریاں سر انجام دے چکے ہیں اس کے علاوہ آپ کی دیگر اہم تقرریوں میں پی این وار کالج میں ڈائریکٹنگ سٹاف، نیول ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر نیول وار فیئر اینڈ آپریشنل پلانز، ڈپٹی نیول سیکرٹری اور کمانڈر پاکستان فلیٹ کے چیف اسٹاف آفیسرز کی تقرریاں شامل ہیں۔

موجودہ وقت میں آپ نیول ہیڈ کوارٹرز میں نیول سیکرٹری کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔ آپ کی غیر معمول کارکردگی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ خدمات کے صلے میں آپ کو تمغہ امتیاز (ملٹری) اور ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا ہے۔ ریئر ایڈمرل زاہد الیاس نے 1988میں پاکستان نیوی کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ آپ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، برطانیہ کے رائل ملٹری کالج آف سائنس اور چین کے نیول کمانڈ کالج کے گریجویٹ ہیں۔

آپ نے قائد اعظم یونیورسٹی اسلا م آباد سے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار سٹڈیز اور برطانیہ کی کران فیلڈ (Cranfield)یونیورسٹی سے ملٹری آپریشنل ریسرچ میں ماسٹرز کیا ہے۔ آپ 18th ڈسٹرائر اسکواڈرن، پاکستان نیول اکیڈمی اور پاکستان نیوی کے جہازوں بابر اور ذوالفقار کی کمانڈ زکر چکے ہیں ۔ آپ کو چینی ساختہ F-22P کلا س جہاز کے پہلے کمانڈنگ آفیسر کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

آپ کی دیگر امتیازی تقرریوں میں پی این وار کالج کے ڈائریکٹنگ سٹاف اور چیف آف دی نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکرٹری کی تقرریاں شامل ہیں ۔ موجودہ وقت میں آپ ہیڈ کوارٹر نیوسینٹ بحرین میں کماندڑ کمبائنڈ ٹاسک فورس 151-کی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں ۔ آپ کی غیر معمول کار کردگی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ خدمات کے عوض آپ کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور ستارہ بسالت سے نوازا گیا ہے۔