جمہوری دور میں بلدیاتی اداروں کی تشکیل اہم پیش رفت ہے، عوامی مسائل مقامی سطح پر حل کرنے میں مدد ملے گی

وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ کی اسلام آباد کے مئیر شیخ انصر عزیز سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 31 مارچ 2016 18:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مارچ۔2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہاہے کہ جمہوری دور میں بلدیاتی اداروں کی تشکیل اہم پیش رفت ہے، عوامی مسائل مقامی سطح پر حل کرنے میں مدد ملے گی، شیخ انصر اپنی صلاحیتوں سے شہری اور دیہی علاقوں میں معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے قابل تقلید مثال ثابت ہوں گے۔

وہ جمعرات کو یہاں وفاقی دارلحکومت کے پہلے مئیر شیخ انصر عزیز سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ عرفان صدیقی نے شیخ انصر عزیزکواسلام آباد کا پہلا مئیر منتخب ہونے کا اعزازحاصل کرنے پر مبارکباد دی اور کہاکہ ان کااپنے ساتھیوں سمیت انتخاب میں کامیابی حاصل کرنا وفاقی دارلحکومت کے شہریوں کے مسلم لیگ (ن) ، اس کی قیادت اورایجنڈے پر اعتماد کا اظہار ہے جس پر پورا اترنے کے لئے انہیں اپنی ٹیم کے ہمراہ بھرپور صلاحیتوں اور قومی جذبہ سے کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جمہوری دور میں بلدیاتی اداروں کی تشکیل ایک اہم پیش رفت ہے۔ بلدیاتی اداروں کی موجودگی سے عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی بہترین کارکردگی سے عوام کے معیار زندگی کو بہتربنانے کے لئے کردار ادارکریں اور شہروں کی صفائی ستھرائی سے لے کر معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے متحرک انداز اپنائیں۔

وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں کے عوام کے مسائل کے حل اور معیاری شہری سہولیات کی فراہمی کے لئے قابل تقلید مثال ثابت ہوں گے۔ شیخ انصرعزیز نے کہاکہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت اورسینئرز کی راہنمائی میں وہ پوری تندہی اور عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہوکر کام کریں گے۔ شہریوں کی خدمت ان کے لئے عبادت کا درجہ رکھتی ہے ۔ ان کی پوری کوشش ہوگی کہ وہ قیادت اور عوام کی توقعات اور اعتماد پر پورا اتریں اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو دنیا کے بہترین شہروں کی صف میں مزید ممتاز بنائیں۔