برطانوی رکن پارلیمنٹ کی کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی سے ملاقات

وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کمیشن تارکین وطن کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کررہاہے ‘ افضال بھٹی برطانوی رکن پارلیمنٹ کی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں اور اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی کارکردگی کی تعریف

جمعرات 31 مارچ 2016 17:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والی بولٹن ساؤتھ ایسٹ سے برطانوی رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی سے ملاقات کی۔ افضال بھٹی نے یاسمین قریشی کو اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کارکردگی اور طریقہ کار سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایات پر کمیشن تارکین وطن کے مسائل کے فوری حل کے لئے بھرپور اقدامات کررہاہے اور تارکین وطن کی شکایات کی آن لائن رجسٹریشن کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جا رہاہے۔

افضال بھٹی نے بتایاکہ تارکین وطن کے مسائل کے ازالے کے لئے اضلاع کی سطح پر بھی اوورسیز کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

برطانوی رکن پارلیمنٹ یاسیمین قریشی نے تارکین وطن کے مسائل کے حل کے لئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کاوشوں کو سراہا ۔انہوں نے وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب دیگر صوبوں کے لئے ایک رول ماڈل بن کر سامنے آیا ہے۔یاسمین قریشی نے کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی کو بولٹن ساؤتھ ایسٹ برطانیہ کے بعض تارکین وطن کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔افضال بھٹی نے انہیں یقین دلایا کہ برطانیہ میں مقیم تارکین وطن کے مسائل بھی ترجیحی طور پر حل کئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :