ایف آئی اے کی جانب سے تین ماہ کے دوران انسانی سمگلنگ کے خلاف اقدامات، ایک ہزار 115 افراد گرفتار

جمعرات 31 مارچ 2016 16:54

اسلام آباد ۔ 31 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 مارچ۔2016ء) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے گزشتہ تین ماہ کے دوران انسانی سمگلنگ کے خلاف اقدامات کرتے ہوئے ایک ہزار 115 افراد کو گرفتار کیا جن میں 321 اشتہاری بھی شامل ہیں۔ جمعرات کو ایف آئی اے کے ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے انسانی سمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کے لئے ایف آئی اے کو متحرک ہونے کی ہدایت کی جس پر ایف آئی اے نے ملک بھر میں اپنے دفاتر اور سٹاف کو فوری اقدامات کا حکم جاری کیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ تین ماہ میں ایف آئی اے نے انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جن افراد کو گرفتار کیا ان میں 321 اشتہاریوں کے علاوہ 17 انتہائی مطلوب افراد اور 89 مفرور بھی شامل ہیں جبکہ 688 انسانی سمگلنگ کے حوالے سے مختلف جرائم میں ملوث ہیں۔ ایف آئی اے انسانی سمگلنگ سے متعلقہ ڈیٹا بنک بھی تیار کر رہی ہے اور اس سلسلے میں 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ اب تک 2 ہزار 196 افراد کا ڈیٹا جمع کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے 640 مجرموں کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کے حوالے سے نادرا سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے جس کے بعد ان افراد کے بینک اکاؤنٹس اور سمیں بلاک کرنے کی کارروائی بھی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :