رحیم یارخان،منٹھار میں گرلز ڈگری کالج کے قیام سے طالبات کیلئے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھل گئے ہیں،میاں امتیازاحمد

جمعرات 31 مارچ 2016 16:49

رحیم یارخان۔ 31 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 مارچ۔2016ء)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ میاں امتیازاحمد نے کہا ہے کہ منٹھار میں گرلز ڈگری کالج کا قیام علاقہ کے عوام کا خواب اور دیرینہ مطالبہ تھا جس کے پورا ہونے سے علاقہ بھر کی طالبات کیلئے ان کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھل گئے ہیں‘ خواتین کی تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی میں مددگار ثابت ہوتی ہے اور اگر ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو پڑھا لکھا اور تعلیم یافتہ بنانا ہے تو بچیوں کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے یہ بات گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج منٹھار کے افتتاح کے بعد کالج میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ3 سال کے عرصہ میں نہ صرف بیشتر سکول اپ گریڈ اور انہیں بنیادی سہولتوں سے آراستہ کیا چکا ہے بلکہ حلقہ بھر میں کروڑوں روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیروتوسیع بھی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

5ارب روپے کی خطیر رقم سے رحیم یارخان میں خواجہ انجینئرنگ اینڈ آئی ٹی یونیورسٹی پنجاب کے ٹیل پر دورافتادہ اس خطے کے عوام کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کا انمول تحفہ ہے جبکہ کوٹ سمابہ میں بھی گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہوتے ہوئے موجودہ حکومت ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے درست سمت میں گامزن ہے۔ چین کے ساتھ 16 ارب ڈالر کے معاہدوں اور اقتصادی راہداری کے منصوبہ کی بدولت پاکستان ترقی وخوشحالی کا گیٹ وے بنے گا‘ ملک سے اندھیرے دور ہوں گے۔ میاں امتیازاحمد نے کالج کیلئے ذاتی طور پر الیکٹرک واٹر کولر کی فراہمی کا اعلان کیا جبکہ ادارہ میں درجہ چہارم کے ملازمین کی تقرری‘ بجلی کے میٹر کی فراہمی سمیت دیگر مسائل جلد حل کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔