دبئی کے کوڑا دان اسپیڈ ریڈار نے نئی بحث چھیڑ دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 31 مارچ 2016 12:58

دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31مارچ 2016ء): دبئی نے اوور اسپیڈ گاڑیوں اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والے ڈرائیورز کا پتہ لگانے کے لیئے کوڑا دان اسپیڈ ریڈارز متعارف کروائے جو بظاہر کوڑا دان معلوم ہوتے ہیں لیکن سڑک پر اوور اسپیڈ گاڑیاں پر خاصی نظر رکھتے ہیں۔ یہ کوڑا دان سڑک پر مقررہ حد رفتار کی خلاف ورزی کرنے والی قریباً 35 ہزار گاڑیوں کو ریکارڈ کر تا ہے۔

محض ایک اسپیڈ ریڈار ،جو کہ بظاہر ایک کوڑا دان معلوم ہوتا ہے، نے دبئی کی انٹرنیشنل سڑکوں پر گذشتہ دو ماہ کے دوران 35 ہزار کے قریب خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی ہے۔ اس ریڈارز کی بدولت سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے جہاں صارفین متواتر خلاف ورزیوں کے چالان موصول ہونے کی شکایات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دبئی پولیس آپریشن کے اسسٹنٹ کمانڈر ان چیف میجر جنرل محمد سیف نے بتایا کہ مذکورہ ریڈار 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی مقرر کردہ رفتار کی سڑک پر 90 کلو میٹر فی گھنٹہ یا اس سے زائد اسپیڈ سے آنے جانے والی گاڑیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقرر کردہ رفتار سے پچاس فیصد زائد رفتار پر گاڑی چلانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ محکمہ ٹریفک کے قائم مقام ڈائریکٹر کرنل جمال کا کہنا ہے کہ حال ہی میں یہ ریڈار دبئی العین روڈ اور شیخ زاید روڈ پر رکھے گئے ہیں۔ اس کی ساخت اور ہئیت کے حوالے سے کرنل جمال کا کہنا تھا کہ ریڈار کا سائز اور اس کی ساخت کوئی وقعت نہیں رکھتی، اس کا مقصد محض ڈارئیورز کو سڑک پر مقرر کی گئی رفتار کا پابند کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کچھ افراد یہ سوچتے ہیں کہ وہ ریڈار کے سامنے مقرر کردہ اسپیڈ پر آ کر دھوکہ دہی کر سکتے ہیں لیکن یہ ریڈارز گاڑیوں کی اسپیڈ کو 150 کلو میٹر کے فاصلے ہی سے مانیٹر کر لیتا ہے۔ اسی دوران سوشل میڈیا پر بھی لوگ اس ریڈار کی جانب سے جرمانہ کیے جانے کی باتیں کر رہے ہیں۔ ایک سوشل میڈیا صارف نے بتایا کہ اسے 820 درہم کا جرمانہ کیا گیا ہے، جبکہ ایک اور شہری کا کہنا تھا کہ مجھے بھی جرمانہ کیا گیا ہے لیکن میرے خیال سے میں نے اسپیڈ کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔